اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

خلا میں سفر کرنے والا وائجر 1 زمین سے ایک نوری دن کی دوری پر پہنچنے کے قریب

قومی خبریں
خلا میں سفر کرنے والا وائجر 1 زمین سے ایک نوری دن کی دوری پر پہنچنے کے قریب

واشنگٹن: انسانی تاریخ کے طویل ترین خلائی مشنز میں شامل امریکی خلائی جہاز وائجر 1 تقریباً 5 دہائیوں سے مسلسل خلا میں سفر کررہا ہے اور اب زمین سے ایک نوری دن کی دوری کا تاریخی سنگ میل عبور کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ ناسا کا یہ خلائی جہاز 18 نومبر کو زمین سے تقریباً 25 ارب 90 کروڑ کلومیٹر دور پہنچ جائے گا، جس کے بعد زمین سے بھیجے جانے والے ریڈیو سگنل کو اس تک پہنچنے میں تقریباً 24 گھنٹے لگیں گے۔

وائجر 1 کو 5 ستمبر 1977 کو مشتری اور زحل سمیت نظام شمسی کے بیرونی سیاروں کے مطالعے کے لیے خلا میں روانہ کیا گیا تھا۔ یہ مشن ابتدائی طور پر محدود مدت کے لیے تیار کیا گیا تھا، تقریباً 49 سال گزرنے کے باوجود یہ اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے اور سائنس دانوں کو نظام شمسی سے باہر کے ماحول کے بارے میں اہم معلومات فراہم کررہا ہے۔

وائجر 1 کے ساتھ ہی وائجر 2 بھی اسی سال خلائی سفر پر روانہ کیا گیا تھا۔ دونوں خلائی جہازوں کو 16 دن کے وقفے سے روانہ کیا گیا، وائجر 1 نے اگست 2012 میں نظام شمسی کی بیرونی حد سے باہر نکل کر بین النجمی خلا میں داخل ہونے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ وائجر 2 نے نومبر 2018 میں یہ سنگ میل عبور کیا۔

یہ دونوں خلائی جہاز اس وقت انسانوں کے تیار کردہ واحد فعال خلائی جہاز ہیں جو نظام شمسی کی بیرونی حدود سے باہر بین النجمی خلا میں سفر کررہے ہیں۔ ان کی مدد سے سائنس دانوں کو نظام شمسی کے کناروں، سورج سے خارج ہونے والے ذرات اور بین النجمی خلا کے ماحول سے متعلق ایسی معلومات حاصل ہوئی ہیں جو زمین پر موجود آلات کے ذریعے حاصل کرنا ممکن نہیں تھا۔

وائجر 1 کا زمین سے 25 ارب 90 کروڑ کلومیٹر دور پہنچنا اس لحاظ سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کہ اس فاصلے کو ایک نوری دن کہا جاتا ہے۔ روشنی ایک سیکنڈ میں تقریباً 3 لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہے، اس لیے روشنی کی رفتار سے سفر کرنے والے ریڈیو سگنل کو بھی زمین سے وائجر 1 تک پہنچنے میں تقریباً 24 گھنٹے درکار ہوں گے۔ اسی طرح خلائی جہاز سے بھیجا گیا پیغام زمین تک پہنچنے میں مزید 24 گھنٹے لے گا، جس کے باعث زمین سے بھیجے گئے کسی حکم کے جواب کا انتظار تقریباً 2 دن تک بڑھ سکتا ہے۔

وائجر مشنز کی تیاری کے وقت سائنس دانوں کا خیال تھا کہ ان خلائی جہازوں کی عملی عمر تقریباً 5 سال ہوگی لیکن دونوں خلائی جہاز کئی دہائیوں سے کام کررہے ہیں۔ وائجر 1 میں 3 کمپیوٹرز نصب ہیں جو خلائی جہاز کے مختلف سائنسی آلات سے معلومات جمع کرنے، انہیں محفوظ رکھنے اور زمین پر منتقل کرنے کا کام کرتے ہیں۔

دونوں خلائی جہاز اپنے بڑھتے ہوئے عرصہ استعمال کے باعث تکنیکی مسائل کا سامنا بھی کررہے ہیں، ناسا کے ماہرین ان کی کارکردگی برقرار رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات کررہے ہیں۔ ان کی جانب سے ہفتے میں ایک مرتبہ خلائی جہازوں کو ہدایات بھیجی جاتی ہیں جبکہ موصول ہونے والی سائنسی معلومات کا جائزہ لے کر مزید تحقیق کی جاتی ہے۔

دوسری جانب وائجر 2 کو زمین سے ایک نوری دن کی دوری کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے تقریباً 2035 تک سفر جاری رکھنا ہوگا۔ سائنس دانوں کے لیے یہ دونوں مشن آج بھی غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ ان کے ذریعے انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ نظام شمسی سے باہر کے ماحول کا براہ راست مطالعہ ممکن ہوا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت