اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

آئینی فریم ورک کے تحت نئے انتظامی یونٹس کے حامی ہیں: امیرجماعت اسلامی

قومی خبریں
آئینی فریم ورک کے تحت نئے انتظامی یونٹس کے حامی ہیں: امیرجماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام آئینی دائرہ کار کے تحت عمل میں لایا جانا چاہیے، جماعت اسلامی اس تجویز کی حمایت کرتی ہے۔ جماعت اسلامی 29 نومبر کو لاہور کے مینار پاکستان پر بڑا عوامی اجتماع منعقد کرے گی، جس کے لیے ملک بھر میں بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی۔

لاہور میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ جماعت اسلامی کے جلسے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے گریز کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ 29 نومبر کے اجتماع کو بھرپور انداز میں کامیاب بنانے کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور اس سلسلے میں مختلف شہروں میں عوامی اجتماعات بھی منعقد کیے جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے آئندہ جلسوں کا شیڈول بتاتے ہوئے کہا کہ 22 نومبر کو بلوچستان، 5 دسمبر کو پشاور جبکہ 20 دسمبر کو کراچی میں بڑے عوامی اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی ملک بھر میں اپنی عوامی مہم کو وسعت دے گی اور مختلف شہروں میں عوام کو درپیش مسائل اجاگر کیے جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر عائد محصولات کے معاملے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی اور حکومت کو چاہیے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔

پنجاب میں تعلیمی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے 15 ہزار سرکاری اسکولوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے فیصلے نے تعلیمی نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور اس اقدام سے پنجاب میں تعلیم کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں موجودہ نظام کی تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے اور جماعت اسلامی کے سوا کوئی دوسری جماعت اس مقصد کے لیے متبادل راستہ فراہم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت