اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کامیاب ازدواجی زندگی اور شریکِ حیات سے مضبوط تعلق کا آسان راز سامنے آگیا

قومی خبریں
کامیاب ازدواجی زندگی اور شریکِ حیات سے مضبوط تعلق کا آسان راز سامنے آگیا

خوشگوار ازدواجی زندگی کے لیے محبت اور باہمی اعتماد کے ساتھ ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھنا بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے، تاہم ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ میاں بیوی کے مضبوط اور کامیاب تعلق کا اصل انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ وہ مشکل حالات میں ایک دوسرے کے احساسات کو کس حد تک اہمیت دیتے اور جذباتی طور پر ساتھ نبھاتے ہیں۔

امریکا کی واشنگٹن یونیورسٹی کے محققین کے مطابق وہ جوڑے جو پریشانی یا مشکل وقت میں ایک دوسرے کی بات توجہ سے سنتے، جذبات کو سمجھتے اور مناسب ردعمل ظاہر کرتے ہیں، ان کے درمیان باہمی تعلق زیادہ مضبوط اور خوشگوار رہتا ہے۔ اس کے برعکس شریک حیات کے مسائل سے چشم پوشی کرنا یا اس کی بات سننے سے گریز کرنا ازدواجی زندگی میں دوریوں اور تنازعات کو جنم دے سکتا ہے۔

تحقیق میں واضح کیا گیا کہ شوہر یا بیوی میں سے کسی ایک کا دوسرے کے جذبات کو مسلسل نظر انداز کرنا رشتے کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ بظاہر معمولی دکھائی دینے والا یہ رویہ وقت گزرنے کے ساتھ دوسرے فریق کے لیے جذباتی تکلیف کا باعث بنتا ہے، جس کے اثرات باہمی اعتماد اور تعلق پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔

محققین نے اس تحقیق کے لیے ایک ریاضیاتی نمونہ تیار کیا، جس کی بنیاد کئی دہائیوں پر محیط تحقیقی کام اور ازدواجی تعلقات کے مطالعے پر رکھی گئی تھی۔ اس کے ذریعے مختلف حالات میں میاں بیوی کے باہمی رویوں اور ان کے تعلقات پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوا کہ صحت مند ازدواجی تعلق کی بنیاد اس وقت مضبوط ہوتی ہے جب دونوں افراد ایک دوسرے کے احساسات کو سمجھنے کے ساتھ ان کا مناسب جواب بھی دیتے ہیں۔ مشکل حالات میں بھی ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھنا اور مسائل کو مل کر حل کرنے کی کوشش کرنا کامیاب رشتے کی اہم خصوصیات میں شامل ہے۔

دوسری جانب ایسے جوڑوں کے درمیان اختلافات اور تنازعات زیادہ دیکھنے میں آتے ہیں جن کے تعلقات میں جذباتی ہم آہنگی موجود نہیں ہوتی۔ ایسے حالات میں دونوں فریق اپنے مثبت اور منفی احساسات کا کھل کر اظہار تو کرتے ہیں، تاہم ایک دوسرے کو سمجھنے اور اختلافات دور کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ ازدواجی زندگی میں اختلافات اور بحث و تکرار کا ہونا غیر معمولی بات نہیں، کیونکہ کوئی بھی انسان یا رشتہ مکمل طور پر بے عیب نہیں ہوتا۔ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ میاں بیوی اختلافات کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ کس طرح پیش آتے اور اپنی گفتگو میں کس حد تک تحمل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ مئی 2024 میں سامنے آنے والی ایک علیحدہ تحقیق میں بھی ازدواجی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے زبان کے محتاط اور مثبت استعمال کی اہمیت اجاگر کی گئی تھی۔ تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ میاں بیوی کے درمیان گفتگو کا انداز ان کے باہمی تعلق کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق خوشگوار ازدواجی زندگی کے لیے ضروری ہے کہ شریک حیات کی ایسی خامیوں کو قبول کیا جائے جو ناقابلِ برداشت یا نقصان دہ نہ ہوں، جبکہ کسی ناپسندیدہ عادت یا رویے پر بات کرنے کی ضرورت پیش آئے تو سخت لہجے اور تنقید کے بجائے نرمی، تحمل اور احترام سے گفتگو کی جائے۔

اس تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے ’’پروسیڈنگز آف دی رائل سوسائٹی اے‘‘ میں شائع کیے گئے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت