اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے 30 ویں اجلاس کا اسلام آباد میں آغاز

اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوگیا۔
پاکستان کی میزبانی میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کا آغاز ہوگیا ہے۔ پہلے مرحلے میں سیکریٹریز اور رابطہ کار نمائندگان اجلاس منعقد کریں گے، جس میں کل ہونے والے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا ایجنڈا طے کیا جائے گا۔
ترکیے کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کُلاک لِکایا اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں ترک وفد کی قیادت کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے، جبکہ افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
اجلاس میں علاقائی تجارت کے فروغ، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون اور وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
اجلاس کے ایجنڈے میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، علاقائی روابط کے فروغ اور باہمی تعاون سے متعلق اہم امور زیر غور آئیں گے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت