اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

محمد یوسف اور ثناء میر پی سی بی ہال آف فیم 2025 میں شامل

قومی خبریں
محمد یوسف اور ثناء میر پی سی بی ہال آف فیم 2025 میں شامل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان محمد یوسف اور ثناء میر کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں ہال آف فیم 2025 میں شامل کرلیا۔

پی سی بی کے مطابق محمد یوسف کا انتخاب آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا، جبکہ ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کی بنیاد پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

محمد یوسف اور ثناء میر کی شمولیت سے قبل پی سی بی ہال آف فیم میں 14 عظیم کھلاڑی شامل تھے۔

محمد یوسف نے 381 بین الاقوامی میچز میں 17 ہزار 300 رنز بنائے، جبکہ 2006 میں ٹیسٹ کرکٹ کے دوران ایک سال میں 1788 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

دوسری جانب ثناء میر نے 226 بین الاقوامی میچز میں 240 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 2432 رنز بھی بنائے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیتے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی محمد یوسف اور ثناء میر کو ہال آف فیم میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں نے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی شاندار کارکردگی سے کرکٹ میں منفرد مقام بنایا۔

واضح رہے کہ پی سی بی ہال آف فیم میں عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، ظہیر عباس، عمران خان، جاوید میانداد، عبدالقادر، وسیم اکرم، وقار یونس، انضمام الحق، مشتاق محمد، سعید انور، مصباح الحق اور یونس خان بھی شامل ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت