اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں ہوگا

قومی خبریں
اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں ہوگا

اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگا، جس میں علاقائی تجارت کے فروغ، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون سمیت وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور مختلف ممالک کے وفود کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی او کے سیکریٹری جنرل اسد مجید خان بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں، جبکہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی آج اسلام آباد پہنچیں گے۔

وسطی ایشیائی ممالک کے متعدد وزرائے خارجہ اور وفود بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے۔ ایران، تاجکستان اور جمہوریہ شمالی قبرص کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔

جمہوریہ کرغز اور قازقستان کے نائب وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کی نمائندگی نائب وزیر خارجہ کریں گے۔

اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصر ہیں۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔ ای سی او کے سیکریٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت