اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی: 9 کروڑ کی ڈکیتی میں ملوث زیرحراست ملزمان پولیس کو چکما دیکر فرار، اہلکار کی موٹرسائیکل لے اڑے

قومی خبریں
کراچی: 9 کروڑ کی ڈکیتی میں ملوث زیرحراست ملزمان پولیس کو چکما دیکر فرار، اہلکار کی موٹرسائیکل لے اڑے

کراچی کے علاقے گڈاپ میں تاجر کے گھر 9 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث زیرحراست دو ملزمان پولیس کی حراست سے فرار ہوگئے، جبکہ فرار ہوتے وقت ایک پولیس اہلکار کی موٹرسائیکل بھی ساتھ لے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈکیتی کی واردات میں ایک سنار سمیت تین ملزمان ملوث تھے، جنہیں گڈاپ پولیس نے گرفتار کرکے حراست میں رکھا ہوا تھا۔ تاہم دو ملزمان پولیس اہلکاروں کو چکما دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تقریباً چار ماہ قبل گڈاپ کے علاقے میں ایک تاجر کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، جس میں ملزمان 200 تولے سونا، چاندی اور 25 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ لوٹے گئے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 9 کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔ واقعے کا مقدمہ گڈاپ تھانے میں درج ہے۔

دوسری جانب آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ملیر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے فرار ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے اقدامات کرنے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی جی سندھ نے غفلت اور لاپروائی کے مرتکب پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت