اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹرمپ انتظامیہ اپنی کامیابی کا بیانیہ پیش کرکے اپنی ناکامی کو چھپانا چاہتی ہے: ایران

قومی خبریں
ٹرمپ انتظامیہ اپنی کامیابی کا بیانیہ پیش کرکے اپنی ناکامی کو چھپانا چاہتی ہے: ایران

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکی حکام ایران کے خلاف غیر قانونی جارحیت کے نتائج سے بچنے کے لیے اب ایک نیا گمراہ کن بیانیہ تشکیل دے رہے ہیں۔

اسماعیل بقائی کے مطابق امریکی حکام کا یہ مؤقف کہ ایران نے 1979 کے انقلاب کے ذریعے امریکا کے ساتھ جنگ کا آغاز کیا، من گھڑت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی انقلاب دراصل ملک کی خودمختاری، آزادی اور انسانی وقار کی بحالی کی تحریک تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کو 1953 میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی حمایت سے ہونے والی بغاوت کی تلخ یادیں آج بھی یاد ہیں۔ امریکا یہ حقیقت نہیں چھپا سکتا کہ اس نے دو مرتبہ مذاکرات کے دوران ایران کے خلاف بلااشتعال فوجی کارروائی کی۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کے سپریم لیڈر اور اعلیٰ حکام کو قتل کیا، ایرانی خواتین اور بچوں کو شہید اور زخمی کیا جبکہ اہم بنیادی ڈھانچے کو بھی تباہ کیا۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی انتظامیہ فوجی اور سیاسی محاذوں پر بند گلی میں پہنچ چکی ہے اور جنگ شروع کرنے کی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ اپنی کامیابی کا بیانیہ پیش کرکے ناکامی چھپانا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی سیاسی نظام کی اعلیٰ ترین سطح پر یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ انتخابی شکست کی بنیادی وجہ بنی۔ امریکا ایرانی قوم کے خلاف تاریخی دشمنی کو ہوا دینے اور ایران پر فوجی جارحیت کا آغاز کرنے کا ذمہ دار ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت