اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ملائیشیاسےبنگلہ دیش آنے والے شخص کا استقبال کرنے اس کی 3بیویاں پہنچ گئیں، ایئرپورٹ پرکھینچا تانی

قومی خبریں

ڈھاکا: بنگلہ دیش میں ڈھاکا ایئرپورٹ پر ملائیشیاسے وطن واپس آنے والے شہری کا استقبال کرنے اس کی تین بیویاں پہنچ گئیں۔

دارالحکومت ڈھاکا کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس وقت حیران کن صورتحال پیدا ہوگئی جب ملائیشیا سے وطن واپس آنے والے ایک شخص کا استقبال کرنے کے لیے اس کی 3 بیویاں بیک وقت پہنچ گئیں۔

ڈھاکا ائیرپورٹ پرتینوں خواتین نے اپنے شوہر کو دیکھتے ہی اسے گھیر لیا، ابتدا میں تلخ کلامی اور بحث و تکرار سے شروع ہونے والا معاملہ دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی اور کھینچا تانی تک پہنچ گیا۔

رپورٹس کے مطابق تینوں خواتین اپنے شوہر پر حق جتاتی رہیں جبکہ موقع پر موجود افراد یہ غیر معمولی منظر دیکھتے رہے۔صورتحال کو قابو میں رکھنے اور معاملہ سلجھانے کے لیے ڈھاکا ائیرپورٹ سکیورٹی عملہ بھی حرکت میں آگیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

تاہم اس شخص اور خواتین کی شناخت سامنے نہیں آسکی، جبکہ یہ بھی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکا کہ تینوں خواتین واقعی اس کی بیویاں ہیں۔ واقعے کی اصل وجہ اور اس کے پس منظر سے متعلق بھی تاحال واضح معلومات سامنے نہیں آئیں۔بعض رپورٹس میں ویڈیو کے اسٹیجڈ ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی اور آزادانہ تصدیق دستیاب نہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت