نئےصوبوں کےقیام کی مخالفت پرآرٹیکل 6لگنا چاہیے،درانی
لاہور: سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں چھوٹے صوبوں کے قیام اور مقامی حکومتوں کی ضرورت ایک بڑا تنازع بن چکی ہے۔
اس وقت بڑے حکمران اور چھوٹے صوبے آمنے سامنے آگئے ہیں، نئے صوبوں کے قیام کی تحریک بہاولپور سے شروع کی تھی، آج یہ ایک قومی مطالبہ بن چکا ہے۔
محمد علی درانی نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے ارکان کی تقاریر سن کر دکھ ہوا، کیا اسمبلی میں بیٹھے لوگوں پر دبائوڈال کر آئین کا راستہ روکا جا سکتا ہے؟
ان کے بقول سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرکے نہ صرف اپنے صوبے بلکہ دیگر علاقوں میں بھی اس عمل کو روکنے کی کوشش کی گئی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
تین صوبوں کی اسمبلیوں نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے قراردادیں منظور کیں، جبکہ آج بیوروکریسی، دانشور اور دیگر طبقات بھی نئے صوبوں کی بات کر رہے ہیں۔
محمد علی درانی نے 18ویں ترمیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترمیم 2 مرتبہ وزیراعظم بننے کی پابندی ختم کرنے اور خیبرپختونخوا کا نام تبدیل کرنے کے لیے منظور کی گئی، جبکہ صوبوں کے وسائل میں حصہ بڑھا کر 57 فیصد تک کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ترمیم کی منظوری کے دوران سوال اٹھایا تھا کہ یہ وسائل صوبوں کو دیے جا رہے ہیں یا وزرائے اعلیٰ کو؟۔
2010ءسے اب تک کئی مرتبہ آواز اٹھائی کہ صوبوں کو ملنے والا پیسہ عوام پر کیوں خرچ نہیں ہوا۔
سابق وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ وہ واحد رکن تھے جنہوں نے 18ویں ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔
18ویں ترمیم سے پہلے ہم لٹے ہوئے تھے، اب لٹ پٹ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ2 خاندانوں نے اس ملک پر حکمرانی کی ہے، اڑھائی کروڑ بچے ا سکولوں سے باہر ہیں جبکہ دانش اسکولوں میں ایک بچے پر اتنا خرچ کیا جا رہا ہے جس سے 100 بچوں کو تعلیم دی جا سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت