بنگلادیش کو شکست دے کرپاکستان نے ساف فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی

ڈھاکا: پاکستان فٹبال ٹیم نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے بنگلادیش کو شکست دے کر پہلی بار ساف فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ساف فٹبال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے میزبان بنگلادیش کو 0-1 سے شکست دے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔
میچ کے دوران بنگلادیش کا بال پر زیادہ قبضہ رہا لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے تمام حملے ناکام بنائے۔
میچ کے 86 ویں منٹ میں عبدالصمد نے حریف دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دے کر بائیں پاؤں سے شاندار گول اسکور کیا اور پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلادی۔ آخری لمحات میں بنگلادیش نے مقابلہ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم پاکستانی دفاع نے اپنی برتری کامیابی سے برقرار رکھی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت