ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ویرات کوہلی صفر پر آؤٹ ہونے کے ریکارڈ میں ٹنڈولکر کے برابر آگئے

قومی خبریں

نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں ویرات کوہلی کی ناکامی نے انہیں ایک ناخوشگوار ریکارڈ میں سابق بھارتی عظیم بیٹر سچن ٹنڈولکر کے برابر لاکھڑا کیا۔ کوہلی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جس کے ساتھ ہی ون ڈے کرکٹ میں ان کے صفر پر آؤٹ ہونے کی تعداد 20 ہوگئی، یوں وہ اس معاملے میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بھارتی بیٹر بن گئے ہیں۔

ماؤنٹ مونگانوئی کے بے اوول میں کھیلے گئے مقابلے میں کوہلی کو صرف 4 گیندیں کھیلنے کا موقع ملا۔ تاہم وہ اپنا کھاتہ کھولنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ انہوں نے یہ تعداد محض 321 ون ڈے میچز میں حاصل کی، جبکہ سچن ٹنڈولکر اپنے 463 میچز پر مشتمل طویل کیریئر کے دوران 20 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے۔

بھارتی بیٹرز میں اس فہرست کے تیسرے نمبر پر سابق فاسٹ بولر جواگل سریناتھ موجود ہیں، جو اپنے ون ڈے کیریئر میں 19 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ سابق اسپنر انیل کمبلے اور موجودہ اسٹار بیٹر روہت شرما 18، 18 مرتبہ صفر پر پویلین لوٹنے کے باعث مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں۔

کوہلی کے لیے یہ ناکامی اس وقت سامنے آئی جب بھارتی ٹیم پہلے ہی نیوزی لینڈ کے خلاف ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں دباؤ کا شکار تھی۔ مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جس کے جواب میں بھارت کو کامیابی کے لیے 334 رنز درکار تھے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری نے پہلی ہی گیند پر روہت شرما کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ویرات کوہلی بھی کیوی بولر کے سامنے مزاحمت نہ کرسکے۔

میٹ ہنری نے ابتدا میں کوہلی کو وکٹوں سے باہر جاتی ہوئی گیندوں پر کھیلنے کے لیے مجبور کیا، تاہم اوور کے دوران انہوں نے ایک تیز گیند اندر کی جانب پھینکی، جسے بھارتی بیٹر سمجھنے میں ناکام رہے اور گیند براہِ راست وکٹوں سے جا ٹکرائی۔

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر نے اسی اوور کی آخری گیند پر شریاس ائیر کو بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کرکے بھارتی بیٹنگ لائن کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔ اس طرح بھارت نے اننگز کے پہلے ہی اوور میں 3 اہم وکٹیں گنوا دیں، جبکہ اسکور بورڈ پر ایک رن بھی موجود نہیں تھا۔

ابتدائی تباہی کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 26.4 اوورز میں محض 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ نے اس طرح مقابلہ 244 رنز کے بھاری فرق سے اپنے نام کرلیا۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی اس سے قبل 3 اکتوبر 2026 کو نیو چندی گڑھ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ون ڈے میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔ اس مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر جےڈن سیلز نے انہیں پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ اب نیوزی لینڈ کے خلاف ناکامی کے بعد کوہلی کے ون ڈے کیریئر میں صفر پر آؤٹ ہونے کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت