اٹلی کی جانب سے میٹا پر 805 ملین یورو کا بھاری جرمانہ عائد

اٹلی کے ڈیٹا تحفظ کے نگران ادارے نے صارفین کی نجی معلومات اور ذاتی تصاویر تک مبینہ طور پر ان کی اجازت کے بغیر رسائی حاصل کرنے پر ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کو 805 ملین یورو جرمانہ کردیا، جس کی مالیت پاکستانی کرنسی میں 24 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے ادارے نے یہ کارروائی اینڈرائیڈ صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی پر کی ہے۔ ادارے کی تحقیقات میں سامنے آیا کہ میٹا اپنی فیس بک ایپ میں موجود ایک مخصوص سہولت کے ذریعے صارفین کی ذاتی تصویروں اور ویڈیوز تک ان کے علم اور اجازت کے بغیر رسائی حاصل کر رہا تھا۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق متعلقہ سہولت کے استعمال کے دوران صارفین کو اس بات سے آگاہ نہیں کیا جا رہا تھا کہ ان کی ذاتی گیلری میں محفوظ تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے ان سے باقاعدہ اجازت بھی نہیں لی جا رہی تھی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اٹلی کے ڈیٹا تحفظ ادارے نے میٹا کو اس معاملے پر 60 دن کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ متنازع سہولت کو غیر فعال کرے اور مستقبل میں صارفین کی ذاتی معلومات تک رسائی کے لیے ان کی واضح رضامندی حاصل کرنے کا طریقہ کار وضع کرے۔
ادارے کی جانب سے عائد کیا گیا جرمانہ میٹا کی مجموعی عالمی آمدنی کے تقریباً 0.47 فیصد کے برابر ہے۔ دوسری جانب کمپنی نے تاحال اٹلی کے نگران ادارے کے اس فیصلے پر کوئی فوری ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
علاوہ ازیں اٹلی کے ادارے نے 2026 میں متعارف کرائے گئے میٹا کے ایک نئے کلاؤڈ پراسیسنگ فیچر کی بھی الگ سے جانچ پڑتال کرنے کا عندیہ دیا ہے، جس کے بعد کمپنی کی صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ سے متعلق پالیسیوں کی مزید چھان بین متوقع ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت