مرکزی مسلم لیگ کا وزیراعلیٰ پنجاب کو قانونی نوٹس
لاہور: پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پارٹی کے خلاف مبینہ طور پر بے بنیاد، من گھڑت اور ہتک آمیز الزامات عائد کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
یہ قانونی نوٹس مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایات پر پاک لاءفرم کے وکلاءمحمد عامر حبیب، رانا محمد عبدالحفیظ اور شیخ محمد نعیم مظہر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں 7 روز کے اندر غیر مشروط معافی مانگنے اور سوشل میڈیا پوسٹیں ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کردیا گیا۔
جاری کردہ قانونی نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم صفدر ساکن جاتی امراءرائیونڈ روڈ، حال مقیم 7 کلب شاہراہ قائداعظم لاہور نے اپنے ذاتی ٹوئٹر (ایکس) اکائونٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر عوامی خطابات کے دوران پاکستان مرکزی مسلم لیگ کو دہشت گرد، غیرقانونی اور کالعدم جماعت قرار دیا۔
یہ بیانات پرنٹ میڈیا اور مختلف ٹی وی چینلز پر بھی بار بار نشر اور شائع ہوئے، جو سراسر بے بنیاد، جھوٹ پر مبنی اور ایک قانونی طور پر رجسٹرڈ سیاسی جماعت کی ساکھ کو مجروح کرنے کی کوشش ہیں۔
قانونی نوٹس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن کے ساتھ باقاعدہ رجسٹرڈ ایک سیاسی جماعت ہے جو 2022ءسے ملک کے آئین و قانون کے تحت جمہوری عمل میں شریک ہے۔
اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات عوامی سطح پر غلط فہمیاں پیدا کرنے، پارٹی کارکنان کے جمہوری حقوق کو پامال کرنے اور قیادت کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہے ہیں، جو قابلِ دست اندازی قانون ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں۔
مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائے گئے نوٹس میں مطالبات کیے گئے ہیں کہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت کے خلاف کسی بھی قسم کے جھوٹے، ہتک آمیز یا توہین آمیز بیانات دینے، شائع کرنے یا پھیلانے سے فوری طور پر باز رہیں۔
سوشل میڈیا ایکس یا کسی بھی دوسرے پلیٹ فارم سے شیئر کی گئی تمام ہتک آمیز پوسٹیں، ویڈیوز، تبصرے اور مواد فوری طور پر ڈیلیٹ کریں، پارٹی کو دہشت گرد یا غیر قانونی جماعت قرار دینے والے اپنے الزامات کو عوامی سطح پر واپس لیں۔
نوٹس میں جماعت کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ اسی پلیٹ فارم اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے پارٹی قیادت، اراکین اور حامیوں سے غیر مشروط تحریری اور عوامی معافی مانگیں۔
تحریری یقین دہانی کروائیں کہ آئندہ اس نوعیت کے ہتک آمیز الزامات نہ تو دہرائیں گی، نہ شائع کریں گی اور نہ ہی کسی دوسرے ذریعے سے پھیلائیں گی، متنازع بیانات سے متعلق تمام ریکارڈ، پوسٹیں، پیغامات اور ویڈیوز محفوظ رکھیں۔
قانونی نوٹس کے اختتام پر واضح کیا گیا ہے کہ نوٹس موصول ہونے کے 07 روز کے اندر اندر مذکورہ تمام مطالبات پر عملدرآمد کیا جائے۔
اگر مقررہ مدت میں معافی نہ مانگی گئی یا مطالبات پورے نہ کیے گئے تو مرکزی مسلم لیگ بغیر کسی مزید اطلاع کے مجاز عدالتوں میں دیوانی و فوجداری قانونی کارروائی شروع کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتی ہے، جس کے تمام تر اخراجات اور نتائج کی ذمہ داری متعلقہ فریق پر عائد ہوگی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت