ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

قومی خبریں
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کے باعث موسم میں تبدیلی آگئی، موٹر وے ایم 9، ڈی ایچ اے سٹی اور سرجانی ٹاؤن کے مختلف مقامات پر بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

موسمی صورت حال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے 2 روز قبل پیش گوئی کی تھی کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے، جس کے اثرات سندھ کے بعض علاقوں میں بھی ظاہر ہوسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی نظام کے زیر اثر جمعہ کے روز کراچی سمیت ٹھٹھہ، قمبر شہدادکوٹ، جامشورو اور نوشہرو فیروز میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور خنک رہنے کی توقع ہے، جبکہ صوبے کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند چھانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ کراچی میں بھی جمعرات کی صبح ہلکی دھند پڑنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 روز کے دوران کراچی میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت