ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

زلزلہ آنے والا ہے نہ کوئی تبدیلی ممکن ہے،رانا ثنا اللہ

قومی خبریں

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کوئی زلزلہ نہیں آنے والانہ ہی کوئی تبدیلی ممکن ہے ، سیاسی وعسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے ۔

ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ ہم جیسے لوگ باتیں کرتے ہیں تو لگتا ہے شاید ماضی کی طرح زلزلہ آنےوالاہے، لیکن کوئی زلزلہ نہیں آنے والا اور نہ ہی کسی تبدیلی کا امکان ہے۔

معاملات ایسے ہاتھوں میں ہے کہ اسی طرح سکون سے چلے گا۔

راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے، سیاسی محاذ پر وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری محاذ پر فیلڈ مارشل عاصم منیر قیادت کر رہے ہیں ۔

اس سوا ل پر کہ کیا محسن نقوی جوبات کرتے ہیں ان کی اصل اتھارٹی اسٹیبلشمنٹ ہے؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اصل اتھارٹی تو وہی ہے لیکن ہماری لیگ اتھارٹی وزیراعظم شہباز شریف ہیں۔

سیاسی مشیر کا کہنا تھا کہ ہر شخص کی اپنی پوزیشن ہوتی ہے اور حرفِ آخر اسی کا ہوتا ہے جس کے پاس اتھارٹی ہو، اسٹیبلشمنٹ میں عدلیہ، بیوروکریسی اور دیگر ادارے شامل ہیں۔

محسن نقوی کے بیانات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی کوئی بات کریں تو اسے اسٹیبلشمنٹ کی سوچ سمجھا جاتا ہے۔

اکنامک فورم میں نئے صوبوں سے متعلق ان کی بعض باتوں پر تحفظات تھے، لیکن گزشتہ روز انہوں نے جو بات کی کہ سیاسی جماعتوں کی اہمیت ہے اور صوبے عوام اور سیاسی اتفاق رائے سے بنیں گے، اس کے بعد کوئی گلہ باقی نہیں رہتا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں یا ریفرنڈم کا معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا، پارلیمانی کمیٹیاں بنیں گی اور بحث کے بعد اتفاق رائے سے فیصلہ ہوگا، اگر سندھ کے عوام تقسیم چاہیں گے تو ناصر شاہ سمیت تمام نمائندے عوامی رائے مانیں گے تاہم ان کے نزدیک رواں سال کے اختتام تک ریفرنڈم ہوتا نظر نہیں آ رہا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت