ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

فیصل کریم کنڈی کا خیبرپختونخوا میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری معطل کرنے کا اعلان

قومی خبریں

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی سے متعلق تمام سرگرمیاں فوری طور پر روکنے اور جاری لیز منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی کان کنی کے ذریعے ہر ماہ تقریباً 90 کلو گرام سونا نکالا جا رہا تھا، جبکہ اس کاروبار سے حاصل ہونے والی خطیر رقم افغانستان منتقل کی جا رہی تھی۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ غیر قانونی کان کنی کے نیٹ ورک کو 12 سیاستدانوں اور ان سے وابستہ افراد کی پشت پناہی حاصل تھی، اس معاملے میں سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی نوید، تحریک انصاف کے شہریار آفریدی اور آفتاب عالم، سینیٹر خرم ذیشان، پیپلز پارٹی کے امجد آفریدی اور جمعیت علمائے اسلام کے سیٹھ گوہر سیف اللہ سمیت دیگر افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا کہ غیر قانونی کان کنی کے پورے معاملے کی تحقیقات کے لیے ہائی کورٹ کے سابق جج کی سربراہی میں عدالتی تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحقیقات کے دوران کسی بھی سیاستدان یا سرکاری افسر کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

گورنر کے مطابق سونے کی غیر قانونی کان کنی کے کاروبار میں بڑے پیمانے پر مشینری اور افرادی قوت استعمال کی جا رہی تھی۔ اس مقصد کے لیے 8 ہزار 350 ٹریکٹر اور ٹریکٹر ٹرالیاں، ایک ہزار 730 بھاری ڈمپرز اور بڑی تعداد میں مزدور کام کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کوہاٹ میں معدنیات کے 2 بلاکس، سی اور ڈی، موجود ہیں، جبکہ ان میں سے ایک بلاک کی لیز 4 ارب 92 کروڑ روپے میں دی گئی تھی۔

انہوں نے لیز ہولڈرز اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر متعلقہ علاقوں سے اپنی بھاری مشینری ہٹا لیں، بصورت دیگر مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے مشینری ضبط کرلی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مجسٹریٹ مشینری ضبط کرنے کے ساتھ صرف 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے تھے، حالانکہ متعلقہ قانون میں جرمانے کی حد 5 لاکھ روپے مقرر ہے۔ اس معاملے کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدنی کا بڑا حصہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا، جہاں یہ رقم دہشت گردی اور پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوتی تھی۔ ان کے بقول غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر دہشت گردوں کو بھتہ دینے کے ساتھ ان سے تحفظ بھی حاصل کرتے تھے۔

گورنر نے بتایا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران پولیس نے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سرگرمی کا خاتمہ کیا۔ تاہم آپریشن کے بعد واپس آنے والی پولیس نفری کو فتنۃ الخوارج کے حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس میں ایک ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 11 خوارج بھی مارے گئے۔

انہوں نے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ اس اقدام کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ آخر کب تک صوبے کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے، اب یہ سلسلہ مزید جاری نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 13 برسوں کے دوران خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل کو بے دریغ لوٹا گیا، تاہم اب صوبے میں احتساب اور جزا و سزا کا نظام مؤثر بنایا جائے گا۔ حکومت کی ترجیحات میں صوبے کی معاشی ترقی، خوشحالی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا شامل ہے۔

انہوں نے مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے منعقدہ کانفرنس میں دنیا کے مختلف ممالک سے وفود نے شرکت کی اور صوبے کے معدنی ذخائر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کے مطابق اب بین الاقوامی برادری کو بھی اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مدعو کیا جا رہا ہے تاکہ خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل کو شفاف طریقے سے بروئے کار لاکر صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی یقینی بنائی جاسکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت