فٹبالر کی ہلاکت کا سبب بننے والے گول کیپر پر 12 میچز کی پابندی عائد
اسپین کی فٹبال فیڈریشن نے دورانِ میچ مخالف کھلاڑی کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں اس کی ہلاکت کے واقعے پر استوائی گنی کے گول کیپر جیسس اوونو کو 12 میچز کے لیے معطل کردیا ہے جبکہ ان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
کھیل سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 2 نومبر کو اسپین کے دوسرے درجے کے فٹبال مقابلے میں ایف سی اندورا اور ٹینیرائف کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا، جب گول کیپر جیسس اوونو اور ٹینیرائف کے فارورڈ جیسس ڈی میگوئل کے درمیان شدید ٹکراؤ ہوگیا۔
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق تصادم کے نتیجے میں ڈی میگوئل شدید زخمی ہوگئے، جنہیں تشویشناک حالت میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ منتقل کیا گیا، تاہم طبی عملے کی کوششوں کے باوجود وہ اگلے روز زندگی کی بازی ہار گئے۔
رپورٹ کے مطابق اسپینش فٹبال فیڈریشن کی انضباطی کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات اور ریفری کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ اوونو نے کھیل کے دوران مخالف کھلاڑی کے خلاف جارحانہ طرز عمل اختیار کیا، جس کے نتیجے میں اسے سنگین نوعیت کی چوٹ پہنچی۔
کمیٹی نے واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ضابطہ اخلاق کے تحت گول کیپر کے خلاف سخت کارروائی کی اور انہیں زیادہ سے زیادہ 12 میچز کی پابندی کی سزا سنانے کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کردیا۔
دوسری جانب 25 سالہ جیسس اوونو اس واقعے کے بعد شدید ذہنی صدمے سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے زمبابوے کے خلاف افریقی کپ آف نیشنز کے کوالیفائنگ مقابلوں کے لیے اپنی قومی ٹیم سے بھی دستبرداری اختیار کرلی تھی۔
ایف سی اندورا کے کوچ کارلوس مانسو کا کہنا ہے کہ اوونو نے تاحال میدان میں واپسی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ کلب انتظامیہ نے بھی گول کیپر کو اس مشکل صورت حال سے نکلنے کے لیے مکمل وقت دینے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت