ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اسرائیلی فورسز کا مقبوضہ مغربی کنارے میں کریک ڈاؤن، 10 فلسطینی گرفتار

قومی خبریں

قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی حصے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران مزید 10 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں قابض اسرائیلی فوج نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 10 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی حکام نے گرفتار افراد پر مسلح نیٹ ورک تشکیل دینے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فوج نے یہ کارروائی علی الصبح جنین کے نزدیک واقع قصبے عرابہ میں کی، جہاں مختلف مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے گئے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ گرفتار کیے گئے تمام افراد کا تعلق فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد سے ہے اور وہ اسرائیلی شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایک مسلح گروہ قائم کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس کارروائی میں پیراٹروپرز بریگیڈ کے جاسوسی یونٹ، دیودوان کمانڈو یونٹ اور سرحدی پولیس کے اہلکاروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران قصبے کی 10 مختلف عمارتوں کو بیک وقت گھیرے میں لے کر تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں تمام مطلوبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے چھاپوں اور گرفتاریوں کی کارروائی تقریباً 30 منٹ میں مکمل کی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت