ایران پر نیا حملہ ہوا تو ردعمل سرحدوں سے باہر بھی جاسکتا ہے، پاسداران انقلاب کا انتباہ

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کا جواب فوری، مؤثر اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایرانی افواج کی جوابی کارروائی کا دائرہ کسی مخصوص جغرافیائی علاقے یا سرحد تک محدود نہیں ہوگا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق میجر جنرل ایزدی نے ملک کی دفاعی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی میزائل صلاحیت، فضائی دفاع، ڈرون ٹیکنالوجی اور بحری قوت کے حوالے سے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کے بقول مسلح افواج کو کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت حاصل ہے۔
ایرانی فوجی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ عرصے کے دوران میزائل ٹیکنالوجی اور دفاعی نظام میں ملک کی استعداد کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ ڈرونز اور بحری افواج بھی ایران کی دفاعی حکمت عملی کے اہم ستون ہیں، جنہیں کسی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مصطفیٰ ایزدی نے مزید دعویٰ کیا کہ مخالف قوتوں کے زمینی اور سمندری اڈے بھی حملوں کی زد میں آچکے ہیں، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی مخصوص مقام کی نشاندہی نہیں کی اور نہ ہی مبینہ حملوں کے وقت، نوعیت یا ان کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات بیان کیں۔
واضح رہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان فوجی تناؤ برقرار ہے اور مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی صورت حال پر تشویش پائی جاتی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے باعث خطے میں ممکنہ فوجی کارروائیوں اور ان کے اثرات پر توجہ مرکوز ہے۔
ایزدی کے بیان کو ایران کی جانب سے کسی نئے حملے کی صورت میں سخت ردعمل کے واضح اشارے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایرانی افواج مختلف دفاعی شعبوں میں کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہیں، تاہم انہوں نے کسی مخصوص ملک کو براہ راست نامزد نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا کہ ممکنہ جوابی کارروائی کن اہداف کو نشانہ بنا سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت