ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ریکوڈک کے قریب معدنی دولت کا نیا سراغ، چاغی میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر کی نشاندہی

قومی خبریں
ریکوڈک کے قریب معدنی دولت کا نیا سراغ، چاغی میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر کی نشاندہی

بلوچستان کے ضلع چاغی میں معدنی وسائل کی تلاش کے دوران تانبے اور سونے کے نئے ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ماری انرجیز نے اعلان کیا ہے کہ اس کی ذیلی کمپنی ماری منرلز نے ایسٹ سیاہ ڈیک کے علاقے میں یہ دریافت کی، جو ریکوڈک منصوبے سے تقریباً 50 کلومیٹر مشرق کی جانب واقع ہے۔

کمپنی کے مطابق دریافت کے لیے 2 مرحلوں میں مجموعی طور پر 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کی گئی۔ اس عمل کے دوران زیر زمین تقریباً 500 میٹر کی گہرائی تک تانبے کی معدنی موجودگی کا پتا چلا۔ ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ شناخت کیے گئے معدنی ذخائر تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر کے علاقے میں پھیلے ہوئے ہیں۔

ماری منرلز نے بتایا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں حاصل کیے گئے ڈرلنگ نمونوں کو لیبارٹری تجزیے کے لیے بھیجا گیا ہے۔ ان کے نتائج 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہیں، جن سے دریافت کی نوعیت اور معدنیات کی مقدار کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔

کمپنی نے تلاش کے عمل کو اگلے مرحلے تک لے جانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ منصوبے کے تحت اب ایک ہزار میٹر گہرائی تک مزید ڈرلنگ کی جائے گی تاکہ زمین کے اندر موجود معدنی ذخائر کی وسعت اور ساخت کا بہتر اندازہ لگایا جاسکے۔

اس تحقیق سے یہ جانچنے میں بھی مدد ملے گی کہ دریافت شدہ وسائل کو تجارتی بنیادوں پر نکالنا کس حد تک ممکن ہوسکتا ہے۔

ماری انرجیز کے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ذخائر کے مجموعی حجم اور ان کی معاشی افادیت کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیق اور تکنیکی جائزہ جاری ہے۔ اس لیے موجودہ دریافت کو ابتدائی پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جبکہ حتمی نتائج کا انحصار آئندہ ڈرلنگ اور لیبارٹری رپورٹس پر ہوگا۔

کمپنی نے نئی دریافت کے بارے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔ ایسٹ سیاہ ڈیک میں ہونے والی اس پیش رفت سے چاغی کے معدنی امکانات پر توجہ مزید بڑھ سکتی ہے، تاہم ذخائر کی حتمی مقدار، معیار اور تجارتی اہمیت جاننے کے لیے مزید نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت