ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان پسِ پردہ رابطے جاری، عمران خان اور خیبرپختونخوا حکومت سے متعلق معاملات زیرِ بحث نہیں

قومی خبریں
پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان پسِ پردہ رابطے جاری، عمران خان اور خیبرپختونخوا حکومت سے متعلق معاملات زیرِ بحث نہیں

پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان پسِ پردہ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں حال ہی میں عمران خان کی دو بہنوں کو رہائی ملی۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات ایک محدود دائرہ کار میں آگے بڑھ سکتے ہیں، تاہم عمران خان کو ریلیف دینے یا خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت میں تبدیلی سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔

رابطوں سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلیٰ واپسی کی تجویز بھی زیرِ غور نہیں۔ عمران خان کی بہنوں کی شمولیت سے بات چیت کا نیا راستہ ضرور کھلا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ حکام نے اپنے مؤقف میں تبدیلی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کا معاملہ عمران خان کی صورتحال سے الگ دیکھا جا رہا ہے اور ان کے مقدمات یا ممکنہ ریلیف سے متعلق بات چیت ہوسکتی ہے۔ اس سلسلے میں ایک ممکنہ تجویز انہیں بنی گالا منتقل کرنے کی بھی زیرِ غور ہے، تاہم عمران خان کی بنی گالا منتقلی کا کوئی امکان فی الحال موجود نہیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کی بہنوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایسی سیاسی سرگرمیوں سے گریز کریں گی جن سے کشیدگی بڑھے، جبکہ فوجی قیادت یا اسٹیبلشمنٹ کو تنقید کا نشانہ بھی نہیں بنائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ رابطوں میں عمران خان کی سیاسی و قانونی حیثیت یا خیبرپختونخوا کی حکومت میں تبدیلی کے بجائے محدود معاملات، بالخصوص بشریٰ بی بی سے متعلق ممکنہ مفاہمت کے امکانات پر توجہ دی جا رہی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت