سعودی عرب: ریاض اور مشرقی صوبے میں حوثی ڈرونز تباہ، ینبع کی تیل تنصیب پر حملہ

ریاض: سعودی عرب میں میزائل اور ڈرون حملوں کے واقعات میں اضافے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ریاض اور مشرقی صوبے کی فضائی حدود میں مزید ڈرونز روکنے اور تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کی اہم تیل پائپ لائن اور ینبع شہر میں تیل کی تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
عرب نیوز اور خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ مشرقی صوبے کی فضائی حدود میں ایک ڈرون کو روک کر تباہ کردیا گیا۔ انہوں نے اس کی پرواز کے مقام، ممکنہ نقصانات یا کسی جانی نقصان سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔
سعودی اتحاد نے دارالحکومت ریاض کے اطراف بھی ڈرونز کی روک تھام کی اطلاع دی۔ عرب نیوز کے مطابق شہر کے علاقے میں 2 الگ واقعات کے دوران ڈرونز تباہ کیے گئے، جبکہ انادولو نے ریاض اور مشرقی صوبے میں فضائی دفاعی کارروائیوں کی رپورٹ دی۔
واضح رہے کہ بدھ کو سعودی دفاعی نظام نے ریاض کی طرف آنے والے 3 کروز میزائلوں اور مکہ مکرمہ سمیت جنوبی علاقوں کی جانب بڑھنے والے دو ڈرونز کو روکنے کا دعویٰ کیا تھا۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق دو بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ مکہ ریجن کے گاؤں صبوحہ میں گرا، تاہم دستیاب رپورٹ میں جانی یا مالی نقصان کی تفصیل نہیں دی گئی۔
دوسری جانب حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ گروپ نے جمعرات کو 2 اہم توانائی تنصیبات کے خلاف کارروائیاں کیں۔ ان کے مطابق ڈرون کے ذریعے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے پمپنگ اسٹیشن نمبر سات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ بیلسٹک میزائل سے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع شہر ینبع کی تیل کی تنصیب پر حملہ کیا گیا۔
حوثی ترجمان نے مزید کہا کہ کارروائیوں میں سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈے اور یمن کی سرحد کے قریب واقع فضائی اڈے کو بھی ہدف بنایا گیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ چاروں حملے کامیاب رہے، تاہم ان اطلاعات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سعودی عرب کے مشرقی حصے سے مغرب تک تیل پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے۔ اس کے ذریعے تیل خلیج فارس کے بجائے بحیرہ احمر کے ساحلی راستے سے منتقل کیا جاسکتا ہے۔ اسی وجہ سے اس تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ عالمی توانائی کی ترسیل کے تناظر میں اہم سمجھا جارہا ہے۔
تاحال سعودی حکام نے پائپ لائن، ینبع کی تنصیب اور دیگر فوجی مقامات پر حملوں کے حوثی دعوؤں کی تفصیلی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت