مارکو روبیو کی عالمی فوجداری عدالت پر کڑی تنقید، امریکا کو چیلنج کرنے والوں کو دھمکی

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عالمی فوجداری عدالت کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکا پر ایسے بین الاقوامی قوانین مسلط کرنے سے باز رہے جنہیں واشنگٹن نے تسلیم نہیں کیا، انہوں نے عالمی قوانین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر بھی کڑی تنقید کی ہے۔
فیڈرلِسٹ سوسائٹی کے قومی وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کو بعض بااثر حلقے اپنے مفادات کے حصول اور مخصوص مقاصد کی تکمیل کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی فوجداری عدالت کو اپنی حدود کا خیال رکھنا چاہیے اور طاقتور فریقوں کے خلاف قوانین کے نفاذ کی کوشش سے گریز کرنا چاہیے۔
امریکی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ نیدرلینڈز کے شہر ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت ایسے قانونی ضابطوں کے ذریعے امریکا کو پابند کرنے کی کوشش کر رہی ہے جنہیں واشنگٹن نے کبھی قبول نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایسے کسی قانونی دائرہ اختیار کو تسلیم نہیں کرتا جو اس کی رضامندی کے بغیر اس پر لاگو کرنے کی کوشش کی جائے۔
مارکو روبیو کا یہ سخت مؤقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکومت نے تقریباً ایک ماہ قبل عالمی فوجداری عدالت کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ واشنگٹن نے اس موقع پر عدالت کی سرگرمیوں کو شدید متاثر کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا تھا، جس سے امریکا اور عالمی فوجداری عدالت کے درمیان اختلافات مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت کا قیام سنگین بین الاقوامی جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے عمل میں آیا تھا۔ عدالت نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم جیسے سنگین الزامات کی تحقیقات اور ان میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتی ہے۔ یہ ادارہ بالخصوص ان صورتوں میں مداخلت کرتا ہے جب متعلقہ ممالک اپنے ہاں ایسے جرائم کی مؤثر تحقیقات اور احتساب کرنے سے قاصر ہوں یا اس کے لیے تیار نہ ہوں۔
دوسری جانب امریکا نے عالمی فوجداری عدالت کے قیام کی بنیاد بننے والے معاہدے پر دستخط تو کیے تھے، تاہم بعد ازاں روم معاہدے کی توثیق نہیں کی، جس کے باعث وہ عدالت کا باقاعدہ رکن نہیں بنا۔ اسرائیل، روس اور چین بھی ان ممالک میں شامل ہیں جنہوں نے عالمی فوجداری عدالت کی رکنیت حاصل نہیں کی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت