ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 16 خوارج ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید

قومی خبریں
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 16 خوارج ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 16 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران متعدد کارروائیاں کیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 16 خوارج ہلاک ہوگئے۔

فوجی ترجمان کے مطابق سب سے بڑی کارروائی علی خیل کے علاقے میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے 12 خوارج کو ہلاک کیا، جبکہ میرعلی اور دتہ خیل میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران 2، 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے مزاحمت اور فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور 32 سالہ نائیک آفتاب علی شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حوالدار عصمت علی کا تعلق ضلع صوابی جبکہ نائیک آفتاب علی کا تعلق ضلع مردان سے تھا۔ دونوں اہلکاروں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں سے خوارج کے نیٹ ورک کو بھاری نقصان پہنچا ہے، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ مارے جانے والے خوارج ملک میں معصوم شہریوں کے قتل سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں قومی عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت