روزانہ 2 کھجوریں کھانے سے جسم کو کون سے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں؟

کھجور کو قدرتی مٹھاس کے ساتھ غذائیت سے بھرپور پھلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں موجود فائبر، کاربوہائیڈریٹس، پوٹاشیم، میگنیشیم اور دیگر معدنیات انسانی صحت کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ روزانہ مناسب مقدار میں کھجور کا استعمال جسم کو توانائی فراہم کرنے کے ساتھ ہاضمے اور دل کی صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق اگر کوئی شخص 2 ماہ تک اپنی متوازن خوراک کے ساتھ روزانہ 2 کھجوریں کھانے کا معمول بنائے تو اس کے جسم کو مختلف غذائی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں، جن میں نمایاں درج ذیل ہیں۔
نظام ہاضمہ کی کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے
کھجور میں پائے جانے والے غذائی ریشے آنتوں کی صحت برقرار رکھنے اور نظام ہاضمہ کو درست انداز میں کام کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ روزانہ 2 کھجوروں کے استعمال سے خوراک میں ریشے کی مقدار بڑھائی جاسکتی ہے، جس کے نتیجے میں قبض کی شکایت کم کرنے اور آنتوں کی صفائی کے قدرتی عمل کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
تھکن اور کمزوری دور کرنے میں مددگار
کھجور میں قدرتی شکر اور کاربوہائیڈریٹس کی موجودگی اسے توانائی حاصل کرنے کا ایک اچھا ذریعہ بناتی ہے۔ صبح ناشتے کے وقت یا ورزش اور جسمانی مشقت سے پہلے 2 کھجوریں کھانے سے جسم کو فوری توانائی مل سکتی ہے۔ اس طرح جسمانی سرگرمیوں کے دوران تھکاوٹ کے احساس میں کمی لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
دل اور بلڈ پریشر کے لیے اہم معدنیات
کھجور میں موجود پوٹاشیم اور میگنیشیم دل اور پٹھوں کے معمول کے افعال برقرار رکھنے کے لیے ضروری معدنیات ہیں۔ پوٹاشیم جسم میں نمکیات کے توازن اور بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جبکہ میگنیشیم دل کے معمول کے افعال میں معاون ہوتا ہے۔
تاہم ماہرین واضح کرتے ہیں کہ کھجور کا استعمال بذات خود ہائی بلڈ پریشر یا دل کے امراض کا علاج نہیں ہے، بلکہ اسے دل کے لیے مفید متوازن غذا کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔
خلیوں کو نقصان سے بچانے میں معاون
کھجور میں قدرتی ضد تکسیدی اجزا بھی پائے جاتے ہیں، جو جسم میں مضر تکسیدی دباؤ کے اثرات کم کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ اجزا خلیوں کو نقصان سے محفوظ رکھنے کے قدرتی نظام کی معاونت کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے کھجور کو غذائیت سے بھرپور پھلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
آئرن اور دیگر معدنیات کی فراہمی
کھجور میں آئرن سمیت مختلف معدنیات بھی معمولی مقدار میں موجود ہوتے ہیں، جو جسم کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ اگرچہ روزانہ 2 کھجوریں کھانے سے خون کی کمی دور نہیں ہوتی، تاہم دیگر غذائیت سے بھرپور غذاؤں کے ساتھ ان کا استعمال جسم کو ضروری معدنیات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
کن افراد کو کھجور کھاتے ہوئے احتیاط کرنی چاہیے؟
کھجور میں قدرتی شکر اور حراروں کی مقدار موجود ہوتی ہے، اس لیے ذیابیطس کے مریضوں اور خون میں شکر کی سطح بڑھنے کی شکایت رکھنے والے افراد کو اس کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہیے۔ ایسے افراد اپنی جسمانی ضرورت اور خون میں شکر کی کیفیت کے مطابق کھجور کی مناسب مقدار جاننے کے لیے معالج یا ماہر غذائیت سے مشورہ کرسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق روزانہ 2 کھجوریں کھانا صحت مند غذائی معمول کا حصہ بن سکتا ہے۔ اس سے جسم کو قدرتی توانائی، غذائی ریشے اور اہم معدنیات حاصل ہوتے ہیں، تاہم بہتر صحت کے لیے صرف کھجور پر انحصار کرنے کے بجائے متنوع اور متوازن غذا، مناسب جسمانی سرگرمی اور صحت مند طرز زندگی اپنانا ضروری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت