ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان میں ذیابیطس کے مریض ساڑھے 3 کروڑ سے بڑھ گئے، غیر صحت مند طرزِ زندگی بڑی وجہ قرار

قومی خبریں
پاکستان میں ذیابیطس کے مریض ساڑھے 3 کروڑ سے بڑھ گئے، غیر صحت مند طرزِ زندگی بڑی وجہ قرار

پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد ساڑھے 3 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ طبی ماہرین نے غیر متوازن غذا اور غیر صحت مند طرزِ زندگی کو اس مرض میں اضافے کی بڑی وجوہات قرار دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق حیدرآباد میں ہر پانچ میں سے ایک شخص ذیابیطس کا شکار ہے۔ اس مرض میں احتیاط نہ برتنے سے آنکھوں، گردوں اور دل سمیت دیگر اعضا کی بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ذیابیطس صرف انسولین کی کمی یا عدم پیداوار تک محدود نہیں بلکہ یہ صحت کے کئی سنگین مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔ پاکستان میں 18 سال سے زائد عمر کے تقریباً 33.5 فیصد افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔

ماہرین نے شہریوں کو روزانہ کم از کم 30 منٹ پیدل چلنے، گھر کا متوازن کھانا کھانے اور باہر کے کھانوں سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کے مطابق بڑھتی عمر کے ساتھ شوگر کے ٹیسٹ کروانا بھی ضروری ہے۔

واضح رہے کہ ذیابیطس سے بچاؤ اور آگاہی کا عالمی دن ہر سال 14 نومبر کو منایا جاتا ہے، جس کا مقصد اس مرض سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت