ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹرمپ کا فی الحال ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کا ارادہ نہیں: امریکی میڈیا

قومی خبریں
ٹرمپ کا فی الحال ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کا ارادہ نہیں: امریکی میڈیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فی الحال ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم تہران کو دباؤ میں رکھنے کے لیے امریکی انتظامیہ کی جانب سے معاشی اور عسکری اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

امریکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق وسط مدتی انتخابات کے اختتام کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو روزانہ متعدد مرتبہ خفیہ معلومات پر مشتمل بریفنگ دی جارہی ہے، جن میں ایران سے متعلق تازہ صورت حال اور خطے میں جاری پیش رفت بھی زیر بحث آتی ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ایک امریکی سرکاری عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ کے موجودہ طرز عمل سے یہ ظاہر ہورہا ہے کہ صدر ٹرمپ فوری طور پر ایران کے ساتھ جنگ کا دوبارہ آغاز نہیں چاہتے اور فی الحال فوجی تصادم سے گریز کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق واشنگٹن نے تہران کے ساتھ جاری کشیدگی کے معاملے پر فی الوقت ایک درمیانی حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے، جس کے تحت نہ تو نئی فوجی کارروائی کا آغاز کیا جارہا ہے اور نہ ہی دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے کوئی عملی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسی طرح تنازع کے مستقل خاتمے اور امن معاہدے کی جانب بھی تاحال کوئی واضح پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کو 8 ماہ گزر چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود امریکی حکومت نے تہران کے خلاف اپنے دباؤ کی پالیسی تبدیل نہیں کی اور معاشی پابندیوں سمیت فوجی دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کے جنگ دوبارہ شروع نہ کرنے سے متعلق یہ تفصیلات امریکی میڈیا کی رپورٹ میں ایک نام ظاہر نہ کرنے والے سرکاری عہدیدار کے بیان کی بنیاد پر سامنے آئی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف یا اعلان جاری نہیں کیا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت