ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

چین کے جدید GJ-11 اسٹیلتھ حملہ آور ڈرون کی تفصیلات سامنے آگئیں

قومی خبریں
چین کے جدید GJ-11 اسٹیلتھ حملہ آور ڈرون کی تفصیلات سامنے آگئیں

چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی فضائیہ نے جدید ترین GJ-11 اسٹیلتھ ڈرون کی نئی ویڈیو جاری کردی ہے، جسے خفیہ نام ’شوانلونگ‘ سے بھی جانا جاتا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ یہ فلائنگ ونگ ڈرون نومبر 2025 میں باضابطہ طور پر فضائیہ کے بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔

ڈرون کے بالائی حصے میں ایئر انٹیکس جبکہ نچلے حصے میں ہتھیار رکھنے کے لیے اندرونی خانے موجود ہیں۔ یہ مختلف اقسام کے فضا سے زمین پر مار کرنے والے ہتھیار لے جانے، طویل پرواز کرنے اور انتہائی درستگی سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جاری کردہ فوٹیج میں ڈرون کا جیٹ نوزل، کم لو ویزیبلٹی کوٹنگ اور اگلے حصے میں نصب جدید آپٹیکل ونڈو بھی دکھائی گئی ہے، جو چین کے J-20 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے کے الیکٹرو آپٹیکل ٹارگٹنگ سسٹم سے مشابہت رکھتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق GJ-11 دوسرے ڈرونز اور انسان بردار لڑاکا طیاروں کے ساتھ مل کر مربوط کارروائیاں کرسکتا ہے۔ چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق یہ ڈرون انسان بردار طیاروں کے لیے نگرانی اور دشمن کے فضائی دفاعی نظام کی نشاندہی کرسکتے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ انہیں دشمن کی فائرنگ اپنی جانب مبذول کرانے اور دفاعی ٹھکانوں کو بے نقاب کرنے کے لیے بطور ڈی کوئے استعمال کیا جاسکتا ہے، جبکہ یہ انسان بردار طیاروں کی رہنمائی میں گائیڈڈ میزائل داغنے کے لیے ہتھیاروں کے پلیٹ فارم کا کردار بھی ادا کرسکتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت