ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹرمپ، شی اور پیوٹن کی چین میں تاریخی ملاقات کی تصدیق

قومی خبریں
ٹرمپ، شی اور پیوٹن کی چین میں تاریخی ملاقات کی تصدیق

واشنگٹن: امریکی وائٹ ہاؤس نے تصدیق کردی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن چین کے شہر شینزن میں مشترکہ ملاقات کریں گے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق یہ اجلاس ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر جمعرات کو متوقع ہے۔ تینوں رہنماؤں کی اس نوعیت کی پہلی ملاقات عالمی سفارت کاری میں غیر معمولی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، تاہم اس کے نتائج کے بارے میں محتاط توقعات ظاہر کی گئی ہیں۔

مجوزہ بات چیت میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول، شمالی کوریا، یوکرین کی جنگ اور ایران سے متعلق معاملات زیر غور آسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹرمپ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ شی جن پنگ اور پیوٹن سے ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے اور ایران جنگ کے خاتمے کے امکانات پر گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔ واشنگٹن مستقبل کے کسی جوہری معاہدے میں چین کی شمولیت چاہتا ہے، تاہم بیجنگ اس معاملے پر محتاط مؤقف رکھتا ہے۔

تینوں رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات کو بعض حلقے 1945 کی یالٹا کانفرنس سے تشبیہ دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ دوسری جنگ عظیم کے آخری مرحلے میں امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن نے یورپ کے مستقبل اور جنگ کے بعد کے سیاسی انتظامات پر بات چیت کی تھی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ اجلاس کو عالمی طاقتوں کے درمیان اثر و رسوخ اور علاقائی معاملات پر ممکنہ گفت و شنید کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

اُدھر یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے بھی اس ملاقات پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شینزن میں ہونے والی بیٹھک 21ویں صدی کے لیے عالمی اثر و رسوخ کے دائروں کی نئی تقسیم کا معاہدہ ثابت ہوسکتی ہے۔ یوکرین کو خدشہ ہے کہ اس کے مستقبل سے متعلق معاملات پر اس کی براہ راست شرکت کے بغیر گفتگو ہوسکتی ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اجلاس کی علامتی اہمیت نمایاں ہوسکتی ہے، تاہم تینوں ممالک کے مفادات میں اختلافات کے باعث کسی بڑے معاہدے کی توقع محدود ہے۔ یوکرین اور ایران کے تنازعات، جوہری پالیسی اور عالمی طاقتوں کے تعلقات اس ملاقات کے اہم چیلنجز ہوں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت