ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی میں پولیس مقابلے، تین زخمیوں سمیت پانچ ملزمان گرفتار

قومی خبریں
کراچی میں پولیس مقابلے، تین زخمیوں سمیت پانچ ملزمان گرفتار

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلوں کے نتیجے میں تین زخمیوں سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے سیکٹر 5-G میں عباسی گراؤنڈ کے قریب پولیس نے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ساجد ولد عاشق علی زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزم سے 30 بور پستول، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرکے اسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پیرآباد تھانے کی حدود میانوالی کالونی میں پولیس اور شاہین فورس کے مبینہ مقابلے میں تاج ولی ولد بام خان زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، چلیدہ خول، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی، جبکہ اس کے زیر استعمال موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی۔

ادھر ابراہیم حیدری کے علاقے چائنا کٹ مل ایریا کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 28 سالہ یاسین ولد نور افضل زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب تیموریہ پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان سیف اللہ ولد عبدالرحمن اور عمر محمد ولد زر محمد خان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے ترجمان کے مطابق ملزمان سے دو پستول، دو موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

پولیس نے گرفتار تمام ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کرنے کے ساتھ مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت