ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

خیبرپختونخوا: اسد قیصر اور ڈاکٹر امجد علی سے متعلق نیب تحقیقات میں اہم پیش رفت

قومی خبریں
خیبرپختونخوا: اسد قیصر اور ڈاکٹر امجد علی سے متعلق نیب تحقیقات میں اہم پیش رفت

پشاور: خیبرپختونخوا میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ ڈاکٹر امجد علی سے متعلق بدعنوانی اور آمدن سے زائد اثاثوں کی الگ الگ انکوائریوں میں پیش رفت کرتے ہوئے 13 نومبر کو متعدد نوٹس جاری کردیے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیب تحقیقات کے دوران کاروباری شراکت داریوں، جائیدادوں کی خریداری، مالی لین دین اور مختلف کمپنیوں کے بینکنگ ریکارڈ کی تفصیلات حاصل کرنے کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔

اسد قیصر سے متعلق انکوائری میں نیب نے رجسٹرار آف فرمز سے 10 افراد کے نام پر قائم پارٹنرشپ فرموں کا مکمل ریکارڈ طلب کیا ہے۔

بیورو نے کاروباری شراکت داریوں، پارٹنرشپ ڈیڈز، کاروباری پتوں اور رجسٹریشن کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان دستاویزات کے ذریعے اسد قیصر، ان کے اہل خانہ اور دیگر متعلقہ افراد کے کاروباری روابط اور شراکت داریوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

دوسری جانب سابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور بدعنوانی کی انکوائری میں نو افراد کو بطور گواہ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

ان میں 5 افراد کو اسلام آباد کی ایٹین ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع جائیداد نمبر CLG-003 کی خریداری سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے 19 نومبر کو نیب کے تحقیقاتی افسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب کے نوٹسز میں اس جائیداد کی خریداری کے سلسلے میں پانچ افراد کی جانب سے مجموعی طور پر 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کی ادائیگیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ ان میں عمران علی کے 15 لاکھ، کامران علی کے 49 لاکھ، کاشف علی کے ایک کروڑ، وقار علی کے 60 لاکھ اور ضیاء الرحمان کے 20 لاکھ روپے شامل ہیں۔ تحقیقاتی حکام ان رقوم کی ادائیگی کے ذرائع اور مالیاتی تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اسی انکوائری میں محمد طارق کو بھی 17 نومبر کو بطور گواہ پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

نیب نے ان سے 4 کمپنیوں کے مکمل بینک اکاؤنٹس، اسٹیٹمنٹس اور متعلقہ مالیاتی دستاویزات طلب کی ہیں۔ ان کمپنیوں میں پائنیرز ریزیڈینشیا پرائیویٹ لمیٹڈ، پائنیرز ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ، عربیہ پائنیرز کرینز ٹریڈنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ اور پائنیرز کنسٹرکشن اینڈ ریئل اسٹیٹ کنسلٹنٹس پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق محمد طارق کو یہ ہدایت 28 اکتوبر کو جاری کیے گئے پہلے نوٹس کے تسلسل میں دی گئی ہے، جس کے تحت مزید دستاویزات اور مالیاتی ریکارڈ پیش کرنا ہوگا۔

نیب کی دونوں انکوائریوں میں کاروباری روابط، جائیدادوں کی خریداری اور اثاثوں کے ذرائع کی چھان بین جاری ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت