ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

راولپنڈی ٹیسٹ: ثاقب خان کی ڈیبیو پر 7 وکٹوں کی شاندار کارکردگی بھی فیصلہ کن نتیجہ نہ دلا سکی

قومی خبریں
راولپنڈی ٹیسٹ: ثاقب خان کی ڈیبیو پر 7 وکٹوں کی شاندار کارکردگی بھی فیصلہ کن نتیجہ نہ دلا سکی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ مقابلہ پانچویں روز کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگیا۔

آخری دن پاکستان نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے اور 272 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی، تاہم کھیل کے لیے محدود وقت باقی ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کی مشاورت سے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان نے آخری روز اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو سری لنکن بولرز نے ابتدا ہی میں دو اہم کامیابیاں حاصل کرلیں۔ لاہیرو کمارا نے دن کی پہلی گیند پر اذان اویس کو 22 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا، جبکہ اگلے اوور میں اسیتھا فرنانڈو نے محمد طحہٰ کی 24 رنز کی اننگز ختم کردی۔ اس مرحلے پر پاکستان کا مجموعی اسکور 57 رنز تھا اور تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔

مشکل صورت حال میں کپتان بابر اعظم اور سعود شکیل نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان 50 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ بابر اعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سلمان علی آغا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

غازی غوری نے 34 اور عرفات منہاس نے 16 رنز کا اضافہ کیا، تاہم سعود شکیل ایک مرتبہ پھر سنچری مکمل نہ کرسکے۔ وہ 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے 272 رنز کی برتری کے ساتھ 284 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد اننگز ڈکلیئر کردی۔ اس وقت میچ میں تقریباً ایک گھنٹہ باقی تھا، چنانچہ مزید کھیل ممکن نہ ہونے کے باعث مقابلہ ختم کردیا گیا۔ گزشتہ روز بھی خراب روشنی کے سبب کھیل مقررہ وقت سے پہلے روکنا پڑا تھا اور دو سیشنز بھی مکمل نہیں ہوسکے تھے۔

اس ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز 434 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر ہوئی تھی۔ سعود شکیل نے 93 رنز بنائے، جبکہ طیب عارف 57، عرفات منہاس 52، محمد طحہٰ 51 اور کپتان بابر اعظم 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا نے تین، تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔

جواب میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 446 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ دھننجیا ڈی سلوا نے 167 اور کپتان کوشال مینڈس نے 117 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ثاقب خان نے غیر معمولی بولنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور سری لنکا کو بڑی برتری حاصل کرنے سے روک دیا۔

وہ ٹیسٹ ڈیبیو کی پہلی اننگز میں سات وکٹیں لینے والے پاکستان کے چوتھے بولر بن گئے۔ اس سے پہلے محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ ثاقب کے علاوہ محمد عباس نے دو اور رضا اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت