ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

آئی ایم ایف کی 3 شرائط پوری: پہلی سہ ماہی میں بجٹ سرپلس اور ایف بی آر کا ہدف عبور

قومی خبریں
آئی ایم ایف کی 3 شرائط پوری: پہلی سہ ماہی میں بجٹ سرپلس اور ایف بی آر کا ہدف عبور

اسلام آباد: پاکستان نے رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر کے دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی 4 اہم مالیاتی شرائط میں سے 3 پوری کرلی ہیں، تاہم چاروں صوبے ٹیکس وصولیوں کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت نے بنیادی بجٹ سرپلس اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی محصولات وصولی کے اہداف پورے کیے، جبکہ صوبوں نے نقد سرپلس کا ہدف بھی مقررہ حد سے زیادہ حاصل کیا۔

وزارت خزانہ کے اعدادوشمار کے مطابق وفاقی حکومت کو قومی اہمیت کے منصوبوں اور سیکیورٹی اخراجات کے لیے چاروں صوبوں سے پہلی سہ ماہی میں صرف 57 ارب 50 کروڑ روپے کی نقد گرانٹ موصول ہوئی۔

جون میں طے پانے والے معاہدے کے تحت صوبوں نے پورے مالی سال کے دوران مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے فراہم کرنے ہیں، لیکن ابتدائی 3 ماہ میں وصول ہونے والی رقم سالانہ وعدے کا محض 6 فیصد ہے۔

اس رقم میں پنجاب نے 32 ارب 50 کروڑ روپے، سندھ نے 8 ارب 50 کروڑ، خیبرپختونخوا نے 12 ارب 70 کروڑ اور بلوچستان نے 3 ارب 70 کروڑ روپے دیے۔ خیبرپختونخوا حکومت اس سے قبل صوبائی گرانٹ کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کرنے کا اعلان بھی کرچکی تھی۔

مالیاتی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے پہلی سہ ماہی کے لیے ایک ہزار 950 ارب روپے کے بنیادی بجٹ سرپلس کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم اس کے مقابلے میں 2 ہزار 970 ارب روپے کا سرپلس ظاہر کیا گیا، جو مجموعی قومی پیداوار کا 2.1 فیصد ہے۔ اس اضافی سرپلس کی بنیادی وجہ اسٹیٹ بینک کا سالانہ منافع پہلی سہ ماہی ہی میں آمدن کے طور پر شامل کرنا بتایا گیا ہے۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک کا منافع گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 20 فیصد یعنی 495 ارب روپے کم ہوکر تقریباً ایک ہزار 900 ارب روپے رہ گیا ہے۔

چاروں صوبوں نے مجموعی طور پر 599 ارب روپے کا نقد سرپلس پیدا کیا، جو آئی ایم ایف کے ہدف سے 83 ارب روپے زیادہ تھا، تاہم ان کی ٹیکس وصولیاں 301 ارب روپے رہیں، جو مقررہ ہدف سے 88 ارب روپے کم تھیں۔

ایف بی آر نے جولائی سے ستمبر کے دوران 3 ہزار 89 ارب روپے ٹیکس جمع کیا، جبکہ ہدف 3 ہزار 30 ارب روپے تھا۔ اس طرح ادارے نے سہ ماہی ہدف تقریباً 60 ارب روپے سے تجاوز کرکے حاصل کرلیا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس آئندہ ماہ متوقع ہے، جس میں پاکستان کے لیے تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی قرض اقساط کی منظوری دی جاسکتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت