امریکی فضائی نظام بڑی تکنیکی خرابی کے بعد بحالی کی جانب، ہزاروں پروازیں متاثر

واشنگٹن: امریکا میں فضائی مواصلاتی نظام کی سنگین تکنیکی خرابی کے باعث پیدا ہونے والا بحران بتدریج کم ہونے لگا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے ملک بھر میں پروازوں کی روانگی پر عائد پابندی ختم کردی ہے، جس کے بعد فضائی آپریشن مرحلہ وار بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں، تاہم نظام میں خلل کے باعث ہزاروں مسافر اب بھی مختلف ہوائی اڈوں پر مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
تازہ اطلاعات کے مطابق اس تکنیکی بحران سے 14 ہزار 500 سے زائد پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا، جبکہ 6 ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ابتدائی مرحلے میں 13 ہزار سے زائد پروازوں اور 22 ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کے متاثر ہونے کی بھی رپورٹ سامنے آئی تھی۔ امریکی حکام کے مطابق خرابی کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور فی الحال سائبر حملے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے خبردار کیا ہے کہ فضائی نظام کو مکمل طور پر معمول پر لانے میں وقت لگ سکتا ہے۔
انہوں نے پرانے ایئر ٹریفک کنٹرول نظام کو بحران کی اہم وجوہات میں سے ایک قرار دیا۔ اس سے قبل ریڈار، ریڈیو فریکوئنسی اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں مسائل کے باعث ملک کے ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی روک دی گئی تھی۔
بحران کے دوران رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر مزید طیاروں کی لینڈنگ کی گنجائش ختم ہوگئی، جبکہ شکاگو کے اوہیر ایئرپورٹ پر بھی گنجائش تقریباً مکمل ہوگئی تھی۔
اس صورتحال میں آنے والی پروازوں کو دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب منتقل کرنے کا امکان پیدا ہوا۔ بعض مسافروں کے مطابق طیارے رن وے کے بجائے ٹارمک پر کھڑے رہے اور انہیں ٹرمینل تک جانے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔
ہوم لینڈ سکیورٹی چیف مارک وین مولن نے بتایا تھا کہ تمام پروازوں کا ریکارڈ محفوظ ہے اور مواصلاتی خرابی کے باعث آپریشن روکے گئے۔ ان کے مطابق یہ نائن الیون جیسا سکیورٹی واقعہ نہیں تھا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی صورت حال سے آگاہ کیا گیا، جبکہ انہوں نے سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت کو خرابی کی وجہ قرار دینے کے امکان پر شبہ ظاہر کیا۔
دوسری جانب مائیکروسافٹ نے بھی وضاحت کی کہ اس کی سروسز کا اس بحران سے تعلق نہیں۔ ایف اے اے کے تکنیکی ماہرین کے ساتھ ایف بی آئی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔
یوروکنٹرول کے مطابق یورپ سے امریکا آنے والی پروازیں بھی عارضی طور پر متاثر ہوئیں۔
اُدھر امریکی محکمہ موسمیات کی ویب سائٹس پر بھی ملک گیر انٹرنیٹ اور مواصلاتی خرابی کے باعث موسمی معلومات تک رسائی متاثر ہوئی، تاہم وہاں بھی بحالی کا کام جاری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت