نئے صوبے عوام کی مرضی اور اتفاق رائے سے بنیں تو کوئی اعتراض نہیں، رانا ثنااللہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام عوام کی خواہش اور تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے ہونا چاہیے، اگر اس عمل میں سب کو شامل کیا جائے تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں۔
رانا ثنااللہ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک تقریب میں نئے صوبوں سے متعلق گفتگو کے دوران کچھ ایسی باتیں کی تھیں جن پر انہیں اعتراض تھا اور انہوں نے اس کا اظہار بھی کیا تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کے حالیہ بیان کے بعد اب اعتراض کی کوئی گنجائش نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی اپنی اہمیت ہے، کسی کو ناراض یا عمل سے باہر نہیں رکھا جائے گا اور صوبے عوام کی خواہش کے مطابق بنائے جائیں گے۔ اتفاق رائے چھ ہفتوں، چھ ماہ یا چھ سال میں قائم ہو، یہ ایک مثبت پیشرفت ہوگی۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ محسن نقوی کی باتوں کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ کی اتھارٹی ہے، جبکہ ان کی اپنی اتھارٹی وزیراعظم اور سیاسی قیادت ہے۔ ان کے مطابق سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ہم آہنگی موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں سکیورٹی فراہم کرنے والا ملک بن کر سامنے آ رہا ہے اور دیگر ممالک بھی اپنی حفاظت کے لیے معاہدے کر رہے ہیں۔ دنیا پاکستان کو امن کے محافظ کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت