پنجاب میں گورننس کے دعوے بے اثر، مہنگائی، گندگی اور اسموگ نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں

لاہور: پنجاب میں بہتر طرزِ حکمرانی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی دعوؤں کے باوجود صوبے کے مختلف شہروں میں بنیادی مسائل شدت اختیار کرنے لگے ہیں۔ مہنگائی، آٹے اور روٹی کی بڑھتی قیمتوں، صفائی کے ناقص انتظامات، فضائی آلودگی اور سرکاری محکموں میں مبینہ بدعنوانی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے جبکہ پولیس کے احتسابی نظام اور سرکاری اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں سے آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور دستیابی سے متعلق شکایات سامنے آرہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پہلے ہی گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوچکا ہے، ایسے میں آٹے اور روٹی کی مہنگائی نے عام آدمی کی پریشانی مزید بڑھا دی ہے۔ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے بنیادی غذائی ضروریات پوری کرنا بھی ایک بڑا چیلنج بنتا جارہا ہے۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال بھی حکومتی دعوؤں سے مطابقت نہیں رکھتی۔ گڑھی شاہو میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ گلیوں اور سڑکوں پر جمع کوڑا نہ صرف علاقے کی بدصورتی کا سبب بن رہا ہے بلکہ تعفن اور جراثیم کے پھیلاؤ کے خدشات بھی پیدا کررہا ہے، صفائی کے لیے متعلقہ اداروں کی ذمہ داری واضح ہونے کے باوجود عملی اقدامات دکھائی نہیں دے رہے۔
ادھر فضائی آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات بھی تاحال مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ لاہور زہریلی اسموگ کی لپیٹ میں ہے اور آلودہ فضا کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور دیگر طبی مسائل کا سامنا ہے۔ بچوں، بزرگوں اور پہلے سے سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے صورتحال مزید تشویشناک ہے۔ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اعلانات اور کارروائیوں کے باوجود فضائی معیار میں بہتری نہ آنا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
پولیس کے احتسابی نظام سے متعلق سامنے آنے والے اعداد و شمار بھی تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔ گزشتہ 10 ماہ کے دوران لاہور پولیس کے 105 اہلکاروں کے خلاف 51 مقدمات درج کیے گئے جبکہ پولیس کمپلینٹ سیل میں موصول ہونے والی شکایات کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ یہ اعداد و شمار پولیس اہلکاروں کے طرزِ عمل، شہریوں کی شکایات کے ازالے اور محکمانہ احتساب کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ پولیس کے خلاف شکایات پر صرف اندراج تک کارروائی محدود نہ رکھی جائے بلکہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف شفاف اور مؤثر اقدامات بھی کیے جائیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت