پی ٹی آئی میں اہل اور تجربہ کار رہنماؤں کو آگے لانے کی ضرورت ہے، بیرسٹر سیف

پشاور : سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے، پارٹی کے اندر سنجیدہ، تجربہ کار اور اہل رہنماؤں کو نظرانداز کیا گیا ہے، جس کے باعث فیصلہ سازی اور سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی کو اپنی صفوں میں موجود باصلاحیت اور تجربہ کار رہنماؤں کو دوبارہ آگے لانا ہوگا تاکہ پارٹی کو موجودہ سیاسی صورتحال سے نکالنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جاسکے۔
بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا کی ملاقاتیں خوش آئند اور نیک شگون ہیں۔ ان ملاقاتوں سے سیاسی معاملات میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے اور توقع ہے کہ اب تحریک انصاف کے خلاف جاری سختیوں میں کمی آئے گی، سیاسی جماعتوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے سیاسی اور قانونی راستے اختیار کریں اور حالات کو مزید کشیدہ بنانے کے بجائے بہتری کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو موجودہ حالات میں اپنی قیادت اور تنظیمی ڈھانچے پر سنجیدگی سے نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ پارٹی کے اندر ایسے رہنما موجود ہیں جو سیاسی تجربہ، فہم و فراست اور معاملات کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن انہیں مناسب مواقع فراہم نہیں کیے جارہے۔ پارٹی کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ ایسے رہنماؤں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے اور اہم ذمہ داریاں اہلیت اور تجربے کی بنیاد پر سونپی جائیں۔
سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پارٹی میں فیصلہ سازی کا اختیار اہل اور تجربہ کار قیادت کے ہاتھ میں ہونا چاہیے۔ جب سنجیدہ اور باصلاحیت قیادت کو آگے آنے کا موقع ملے گا تو پارٹی کے اندر موجود اختلافات اور گروپ بندی کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہے، مضبوط سیاسی جماعتیں مشاورت، اتفاق رائے اور اجتماعی فیصلوں کے ذریعے آگے بڑھتی ہیں، اس لیے پی ٹی آئی کو بھی اپنے اندر اس سیاسی روایت کو فروغ دینا ہوگا۔
بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پاکستان تحریک انصاف کو جذباتی ردعمل کے بجائے دانشمندانہ اور دوررس فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ پارٹی کو ذاتی اختلافات اور گروہی مفادات پر اجتماعی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔ اگر قیادت اور کارکنوں کے درمیان رابطے بہتر بنائے جائیں اور تمام اہم معاملات پر مشاورت کی جائے تو تنظیمی مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ پارٹی کے اندر اختلاف رائے کو تصادم کا ذریعہ بنانے کے بجائے اسے مشاورت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ سیاسی معاملات میں محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات اور بات چیت کا راستہ اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق پارٹی کی سیاسی مضبوطی کے لیے واضح سمت، مؤثر حکمت عملی اور اہل قیادت کا ہونا ضروری ہے۔ پی ٹی آئی اگر موجودہ سیاسی حالات میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنا چاہتی ہے تو اسے اندرونی اختلافات کم کرکے اجتماعی قیادت اور سیاسی مفاہمت کی طرف بڑھنا ہوگا، تجربہ کار اور سنجیدہ رہنماؤں کو آگے لانے سے پارٹی کے تنظیمی اور سیاسی معاملات میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت