جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ریکوڈک منصوبہ ملک کے معاشی مستقبل اورمعدنی ترقی کیلیے اہمیت کاحامل ہے: وزیراعظم شہبازشریف

قومی خبریں
ریکوڈک منصوبہ ملک کے معاشی مستقبل اورمعدنی ترقی کیلیے اہمیت کاحامل ہے: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کا ایک اہم سنگِ میل اور ملکی معاشی مستقبل کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ملک ہے، اور ان وسائل سے مؤثر انداز میں استفادہ کرکے بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریکوڈک جیسے بڑے منصوبوں سے بلوچستان کے عوام کے لیے روزگار، ہنرمندی اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ مقامی نوجوانوں کو ہنر کی فراہمی اور اردگرد کی آبادیوں کی ترقی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ ریکوڈک منصوبے کی کامیابی پاکستان میں مستقبل کی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی معیار قائم کرے گی۔

اس موقع پر معدنی شعبے کی ترقی کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایک سازگار ماحول تشکیل دینے کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے منرلز انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کو پاکستان میں معدنی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا اور کراچی و گوادر میں منرل پراسیسنگ کی صنعت کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت