ایران کا امریکا سے غیر قانونی اقدامات روکنے اور جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ
تہران: ایران نے امریکا سے غیر قانونی اقدامات روکنے اور جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا سے کہاہے کہ وہ ایران کے خلاف اپنی مبینہ غیر قانونی کارروائیاں فوری بند کرے اور جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا مکمل ہرجانہ ادا کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا کو اپنی پالیسیوں اور اقدامات کی بین الاقوامی سطح پر جواب دہی قبول کرنا ہوگی۔
عباس عراقچی کاکہناہے کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ امریکا ایرانی مطالبات کو سنجیدگی سے لے اور مستقبل میں دوبارہ فوجی کارروائی نہ ہونے کی ضمانت فراہم کرے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ امریکا کے یک طرفہ اقدامات اور پابندیوں کا نوٹس لیں۔ ان کے مؤقف کے مطابق ان اقدامات سے ایران کو معاشی اور دیگر نقصانات پہنچے ہیں، جن کا ازالہ کیا جانا چاہیے۔
عراقچی نے اس سے قبل اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو بھیجے گئے پیغام میں کہا تھا کہ امریکا اپنی یک طرفہ پابندیوں کے نتیجے میں ہونے والے مادی اور اخلاقی نقصانات کا ذمہ دار ہے اور اسے مکمل تلافی کرنا ہوگی۔ یہ مؤقف ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب عباس عراقچی نےسوشل میڈیا پر اپنے بیان میں امریکا کے سامنے ایران کی دو روزہ تجویز برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ اورکہا تھا کہ اگر واشنگٹن تمام محاذوں پر جنگ ختم کرنے سمیت ایران کی شرائط تسلیم کرلے تو پیش رفت ممکن ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے قطر سمیت بعض علاقائی ممالک سفارتی رابطوں میں کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم جنگ کے خاتمے، پابندیوں اور نقصانات کے ازالے جیسے معاملات پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات برقرار ہیں
بشکریہ روزنامہ جسارت