پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی میں ہوشربا اضافہ جاری

اسلام آباد: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی میں ہوشربا اضافہ جاری ہے، جہاں ٹماٹر، انڈے، ایل پی جی اور دیگر اشیائے خورونوش غریب کی دسترس سے باہر ہو گئی ہیں، مہنگائی کی شرح 11.21 فیصد تک پہنچ گئی۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی کی صورت حال تشویشناک ہو چکی ہے جہاں 12 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قلیل المدتی مہنگائی کی سالانہ شرح 11.21 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
تازہ ترین ڈیٹا سے انکشاف ہوا ہے کہ مانیٹر کی گئی 51 ضروری اشیا میں سے 19 اشیا یعنی 37.25 فیصد کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ 9 اشیا یعنی 17.65 فیصد کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔ اس کے برعکس، 23 اشیا یعنی 45.10 فیصد کی قیمتیں پچھلے ہفتے کے مقابلے میں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق شارٹ ٹرم انفلیشن میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.46 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی ہے جو اشیائے خورونوش اور دیگر اشیائے ضروریہ دونوں کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کو ظاہر کرتی ہے۔
شارٹ ٹرم مہنگائی گزشتہ کئی ہفتوں سے لگاتار 2 ہندسوں میں برقرار ہے جس کی بنیادی وجہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ تھا۔ تاہم تیل کی قیمتوں میں پچھلے 3 روز سے بتدریج کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جس کا واضح اثر آئندہ جائزے میں دکھائی دے گا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران جن اشیا کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ان میں ٹماٹر 12.06 فیصد، انڈے 5.98 فیصد، آلو 2.42 فیصد، لہسن 1.76 فیصد، مرغی 1.32 فیصد، جلانے والی لکڑی 1.10 فیصد، آٹا 0.94 فیصد، دال مسور 0.64 فیصد، بڑا گوشت 0.47 فیصد اور ایل پی جی 0.30 فیصد مہنگی ہوئی۔
اس کے برعکس، جن اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار کمی آئی ان میں پیٹرول 7.42 فیصد، ڈیزل 6.10 فیصد، پیاز 1.70 فیصد، کیلے 1.03 فیصد، گڑ 0.59 فیصد، چینی 0.43 فیصد، ڈبے کا دودھ 0.36 فیصد، دال مونگ 0.32 فیصد اور دال چنا 0.08 فیصد سستی ہوئیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت