جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

چودھری سالک نےماضی کی کرپشن کاذکرکیا,ملک احمدخان

قومی خبریں
چودھری سالک نےماضی کی کرپشن کاذکرکیا,ملک احمدخان

لاہور : اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے ریفرنڈم کا بنیادی مقصد ہی مسئلے کا پائیدار حل نکالنا ہوتا ہے۔

جب عوام خود بول پڑیں تو ان کے نمائندوں کے بولنے یا نہ بولنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

لاہور ایکسپو سینٹر میں ایجوکیشنل ایرینا ایکسپو بک اینڈ اسٹیشنری فیئر 2026ءکے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کتب بینی کے فروغ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز حکومت کی گڈ گورننس، دیہی صحت و صفائی کے منصوبوں، کسانوں کے مسائل، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور کرپشن کے خاتمے پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق جاری بحث پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہو سکتا ہے میرے خطے کے لوگ یہ کہیں کہ نئے صوبے بننے چاہییں۔

یہ بھی ہو سکتا ہے کہ دوسرے خطے کے لوگ اس کو نہ مانیں، تاہم ریفرنڈم کا مقصد ہی یہی ہوتا ہے کہ متنازع معاملے کا کوئی واضح حل نکالا جائے کیونکہ جب عوام خود ہی اپنا فیصلہ سنا دیں تو پھر ان کے نمائندوں کے بولنے یا نہ بولنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

اس وقت لوگوں کے بنیادی مسائل بہت بڑے ہیں اور روایتی تیرے میرے کی سیاسی بحث اب ختم ہوتی جا رہی ہے۔

تقریب سے خطاب میں انہوں نے شاندار نمائش کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی، جمہوریت اور بہتر حکمرانی کا براہِ راست تعلق تعلیم سے ہے، اور جمہوریت دراصل ایک مکالمہ ہے جو علم و تعلیم کی بنیاد پر معاشرے میں بہتری لاتا ہے۔

کتب بینی کے فروغ کے لیے کاغذ پر عائد ڈیوٹیز کم کی جائیں اور پبلشرز و طباعت کے شعبے کو حکومتی سرپرستی اور مراعات دی جائیں۔

کرپشن کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے بتایا کہ ان کی وفاقی وزیر چودھری سالک حسین سے بات ہوئی ہے جنہوں نے اپنے بیان میں پنجاب میں ماضی میں ہونے والی کرپشن کا ذکر کیا ہے۔

تاہم انہیں پورا یقین ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کرپشن کے اس ناسور کو جڑ سے ختم کر دیں گے، معاشرے کو غربت، جرائم، تعلیمی پسماندگی اور دہشت گردی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔

دہشت گردی جیسے حساس معاملات پر جذبات کے بجائے دلیل اور سنجیدہ مکالمے کے ساتھ تمام اداروں اور سیاسی قیادت کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت