جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایکس صارفین کیلیے خوشخبری، ایک پوسٹ میں 20 تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنا ممکن

قومی خبریں
ایکس صارفین کیلیے خوشخبری، ایک پوسٹ میں 20 تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنا ممکن

کراچی: سماجی رابطوں کے مقبول پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب صارفین ایک پوسٹ میں 4 کے بجائے 20 تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرسکیں گے۔ اس نئی سہولت کے بعد پلیٹ فارم پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کی گنجائش 5 گنا بڑھا دی گئی ہے، جس سے صارفین کو اپنی سرگرمیوں، تقریبات اور دیگر معلومات ایک ہی پوسٹ میں زیادہ تفصیل کے ساتھ شیئر کرنے کا موقع ملے گا۔

اس سے قبل ایکس پر صارفین ایک پوسٹ میں زیادہ سے زیادہ 4 تصاویر یا ویڈیوز اپ لوڈ کرسکتے تھے، اب اس حد کو بڑھا کر 20 کردیا گیا ہے۔ صارفین ایک ہی پوسٹ میں 20 تصاویر، 20 ویڈیوز یا دونوں کو ملا کر شیئر کرسکیں گے۔

ایکس کی جانب سے یہ تبدیلی ایسے وقت میں متعارف کرائی گئی ہے جب مختلف سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز صارفین کو زیادہ بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ایک دوسرے کے مقابلے میں اپنی خدمات کو وسعت دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ بظاہر ایکس نے اپنے حریف پلیٹ فارم انسٹاگرام کی طرز پر یہ سہولت فراہم کی ہے، جہاں صارفین ایک پوسٹ میں 20 تصاویر یا ویڈیوز تک شیئر کرسکتے ہیں۔

ایکس کے موبائل انجینئرنگ شعبے کے سربراہ جونا کاٹز نے ایک پوسٹ کے ذریعے اس نئے فیچر کا اعلان کیا، گزشتہ 10 برس سے ایکس پر فی پوسٹ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کی حد 4 مقرر تھی، اب صارفین کی سہولت کے لیے اس تعداد کو بڑھا کر 20 کیا جارہا ہے۔

جونا کاٹز نے اپنے اعلان کے ساتھ ایک پوسٹ بھی شیئر کی، جس میں 20 تصاویر شامل کرکے اس نئی سہولت کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر ایکس کے ویب ورژن پر متعارف کرا دیا گیا ہے جبکہ موبائل ایپلی کیشنز میں بھی اسے مرحلہ وار فراہم کیا جارہا ہے۔ جن صارفین کو ابھی تک یہ سہولت نظر نہیں آرہی، وہ اپنی ایکس ایپلی کیشن کو تازہ ترین ورژن میں اپ ڈیٹ کرکے اسے استعمال کرسکتے ہیں۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق ایک پوسٹ میں تصاویر اور ویڈیوز کی تعداد بڑھانے سے صارفین کو الگ الگ پوسٹس کرنے کی ضرورت کم ہوگی اور وہ اپنے تجربات، سفر، تقریبات اور دیگر سرگرمیوں کی زیادہ تصاویر ایک ہی جگہ شیئر کرسکیں گے۔ اس تبدیلی سے ایکس پر ملٹی میڈیا مواد کی اشاعت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت