جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات کا سندھ کی تقسیم سے کوئی تعلق نہیں، ناصر حسین شاہ

قومی خبریں
زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات کا سندھ کی تقسیم سے کوئی تعلق نہیں، ناصر حسین شاہ

کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سندھ کی تقسیم یا نئے صوبوں کے معاملے پر گفتگو سے متعلق خبروں کو قیاس آرائیاں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ذاتی تعلقات کی بنیاد پر ہوئی تھی، اس کا سندھ یا صوبے کے کسی معاملے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ سندھ کی تقسیم کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا مؤقف بالکل واضح ہے، صدر مملکت اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ سندھ کے مستقبل کا فیصلہ وہی ہوگا جو یہاں کے عوام چاہیں گے۔

کراچی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے تحت منعقدہ 3 روزہ نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کے صدر مملکت سے ذاتی تعلقات ہیں اور دونوں کے درمیان ملاقات اسی تناظر میں ہوئی۔ یہ ملاقات نہ تو سندھ کے حوالے سے تھی اور نہ ہی کسی مخصوص صوبائی معاملے پر بات چیت کے لیے کی گئی تھی۔ البتہ صدر مملکت اور وفاقی وزیر داخلہ کے درمیان مختلف امور پر ضرور گفتگو ہوئی ہوگی، اس ملاقات کو سندھ کی تقسیم یا نئے صوبوں کے معاملے سے جوڑنا درست نہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا مؤقف ہمیشہ سے واضح رہا ہے،آصف زرداری اور بلاول دونوں اس حوالے سے اپنا موقف بیان کرچکے ہیں کہ سندھ کی تقدیر کا فیصلہ یہاں کے عوام کریں گے۔ کسی بھی ایسے معاملے پر فیصلہ عوام کی مرضی اور خواہشات کے مطابق ہی ہونا چاہیے۔

ایم کیو ایم کے مطالبات اور سندھ میں نئے صوبے کے قیام سے متعلق سوال پر وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ انہوں نے ایم کیو ایم کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا، اب تو ان کا کوئی سربراہ بھی نہیں ہے،نئے صوبوں یا انتظامی تبدیلیوں سے متعلق کسی بھی تجویز کو آئینی اور قانونی طریقہ کار کے تحت ہی آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔

ریفرنڈم کے امکان سے متعلق سوال کے جواب میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم ہوسکتا ہے لیکن اس کے بعد بھی ایک باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے جس پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔ محض ریفرنڈم کی بات کرنے سے کوئی انتظامی یا آئینی تبدیلی خودبخود ممکن نہیں ہوجاتی بلکہ اس کے لیے متعلقہ قانونی اور آئینی مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔

دوسری جانب آباد ہاؤس میں منعقدہ نمائش کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آباد کی جانب سے 3 روزہ نمائش کا انعقاد تعمیراتی شعبے اور اس سے منسلک صنعتوں کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ اس طرح کی نمائشوں سے بلڈرز، ڈیولپرز، سرمایہ کاروں اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ کاروباری افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ روابط بڑھانے اور نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور اس شعبے کی ترقی سے سیمنٹ، اسٹیل، بجلی، لکڑی، ٹائلز، سینیٹری مصنوعات اور دیگر متعلقہ صنعتوں کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور سرمایہ کاری کو فروغ ملتا ہے۔

وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول اور وزیراعلیٰ سندھ کاروباری برادری کے ساتھ تعاون کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ کاروباری طبقے کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے تاکہ سرمایہ کاری بڑھے، تعمیراتی شعبہ ترقی کرے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز زرداری اور محسن نقوی کے درمیان تقریباً ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی تھی، جس میں سیاسی امور، ملکی مجموعی صورت حال، سکیورٹی معاملات اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت