خام مال کی برآمد کے بجائے ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ پر توجہ دینا ہوگی، فیلڈ مارشل

اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے، معدنی وسائل سے بھرپور ملک ہونے کے باوجود اصل کامیابی اس وقت حاصل ہوگی جب ان وسائل کو جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے ذریعے قومی معیشت کے لیے مؤثر بنایا جائے گا۔ معدنی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچانا بھی ضروری ہے تاکہ معدنیات سے مالا مال علاقوں کے عوام اپنی زندگیوں میں واضح اور ٹھوس بہتری محسوس کرسکیں۔
اسلام آباد میں جاری منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کے پاس قدرتی وسائل کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی، مستقل مزاجی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ ہمارا مقصد صرف معدنیات کی تلاش اور خام مال کی برآمد تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہمیں ریفائننگ، پروسیسنگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ملک کے اندر ترقی دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کو محض قدرتی ذخائر کے طور پر نہیں بلکہ معاشی ترقی، صنعتی استحکام، روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ سمجھتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معدنیات کے شعبے میں ایسی سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے جن سے ملک کو زیادہ سے زیادہ معاشی فائدہ حاصل ہو اور پاکستان عالمی منڈی میں صرف خام معدنیات فراہم کرنے کے بجائے تیار اور قدر میں اضافے والی مصنوعات بھی متعارف کرا سکے۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہم ایسی طویل المدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے۔ اس مقصد کے لیے سرمایہ کاروں، کاروباری اداروں اور متعلقہ شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہوگا تاکہ معدنی وسائل کی تلاش سے لے کر ان کی پروسیسنگ اور تیار مصنوعات کی تیاری تک تمام مراحل میں ترقی ممکن بنائی جاسکے۔
فیلڈ مارشل نے پاکستانی عوام کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور ان میں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے۔ ہمارے قدرتی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ ان مواقع کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے ہمارے عوام ہی اصل طاقت اور عزم کا سرچشمہ ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو اب صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عملی اقدامات کی طرف اور خام معدنیات کی برآمد سے قدر میں اضافے پر مبنی معاشی ترقی کی طرف پیش رفت کرنا ہوگی۔ معدنی شعبے میں حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد قومی معیشت کے ساتھ ساتھ مقامی آبادیوں کی خوشحالی کا بھی ذریعہ بنیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کے مطابق پاکستان کے معدنی وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے، صنعتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور طویل المدتی شراکت داریوں کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف ملکی پیداوار میں اضافے بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت