جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

صنعتی اور صحافتی روابط کے استحکام کے لیے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور کراچی پریس کلب میں اشتراک

قومی خبریں

کراچی: پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) اور کراچی پریس کلب (کے پی سی) نے مسلسل رابطوں اور معلومات کے تبادلے کے ذریعے ادارہ جاتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور ملکی معیشت میں بینکاری کے شعبے کی خدمات سے متعلق آگاہی بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

کراچی پریس کلب کی جانب سے پی بی اے کے چیئرمین ظفر مسعود کی قیادت میں آنے والے وفد کے اعزاز میں دیے گئے ایک خصوصی استقبالیے کے دوران یہ مفاہمت طے پائی۔ اس تقریب میں بینکاری کی صنعت کے نمائندوں اور صحافتی برادری نے ایک ساتھ بیٹھ کر باہمی نقطہ نظر کا تبادلہ کیا اور مستقبل میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔

اس ملاقات میں کے پی سی کے سیکرٹری اسلم خان، سابق سیکرٹری محمد رضوان بھٹی، سابق خزانچی اور کونسل آف اکنامک جرنلسٹس کے صدر راجہ کامران، سیکرٹری کاشف منیر اور صحافتی برادری کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

کے پی سی کے سیکرٹری اسلم خان نے وفد کو کلب کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی، جن میں پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام، صحت و تعلیم کی سہولیات اور اراکین کے لیے تفریحی مواقع شامل ہیں۔اطہر علی ہاشمی ٹیرس پر استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے ظفر مسعود نے اپنے اس دورے کو اپنے گھر واپسی سے تعبیر کیا اور صحافت کے ساتھ اپنے خاندان کی دیرینہ وابستگی کو یاد کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ میری پرورش کراچی پریس کلب میں ہوئی ہے۔ بچپن میں، میں اپنے مرحوم نانا اور مرحوم ماموں کے ساتھ پریس کلب آیا کرتا تھا۔ میرے خاندان کے بیشتر افراد صحافت سے وابستہ ہیں۔ اس لیے میں بعد میں ایک بینکر ہوں اور پہلے صحافتی برادری حصہ ہوں۔

مالیاتی اداروں اور صحافیوں کے درمیان قریبی روابط کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ظفر مسعود نے کہا کہ بینکاری کی صنعت اور میڈیا دونوں ایک باخبر عوامی رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دونوں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط معلومات کے خلا کو پر کرنے، باہمی افہام و تفہیم کو مضبوط بنانے اور قومی اہمیت کے حامل مسائل پر مزید تعمیری مکالمے کی حوصلہ افزائی کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی بی اے کے سی ای او اور سیکرٹری جنرل منیر کمال نے صحافت کے لیے کراچی پریس کلب کی طویل خدمات اور آزادانہ فکر، پیشہ ورانہ تبادلہ خیال اور عوامی مباحثے کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر اس کی اہمیت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ساتھ بامعنی رابطے صنعت کا نقطہ نظر پیش کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی خدشات اور توقعات کے بارے میں قیمتی آگاہی حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کلب کی شاندار روایات کو برقرار رکھنے اور اس کی تاریخی عمارت کی دیکھ بھال کرنے پر کے پی سی کی قیادت کی تعریف بھی کی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت