اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل، ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول سے متعلق الیکشن کمیشن کا 21 اکتوبر 2026 کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے 26 نومبر تک حکم امتناع جاری کردیا۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے شہری امجد علی کی درخواست پر سماعت کی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے انتخابی شیڈول معطل کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت 26 نومبر 2026 تک ملتوی کردی۔
تحریری حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سابقہ قانون کے تحت ہر یونین کونسل کو 9 وارڈز میں تقسیم کیا جانا تھا، تاہم 2026 کے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے ذریعے تین ٹاؤن کارپوریشنز قائم کی گئیں اور یونین کونسلوں کی تعداد 125 سے بڑھا کر 130 کردی گئی۔ نئے آرڈیننس میں وارڈز کے بجائے مردم شماری بلاکس کی بنیاد پر حلقہ بندیاں کی گئیں۔
درخواست گزار کے مطابق آرڈیننس کی مدت ختم ہونے کے بعد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 بحال ہوگیا، لیکن الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو انتخابات کا شیڈول جاری کرتے وقت بحال شدہ قانون کے تحت نئی حلقہ بندیوں کا فیصلہ نہیں کیا۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 اور الیکشنز ایکٹ کے مطابق نئی حلقہ بندیاں اور ووٹر لسٹوں کی تیاری ضروری ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ اس قانونی تقاضے کے بغیر انتخابات کرانا آئین اور متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی ہوگا۔
واضح رہے کہ شہری امجد علی نے وکیل عادل عزیز قاضی کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت