مائیکرو سافٹ سروسز میں عالمی تعطل گھنٹوں بعد بھی برقرار، دنیا بھر میں صارفین کو مشکلات کا سامنا

مائیکروسافٹ کی خدمات میں عالمی سطح پر تعطل کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود برقرار ہے، جس کے باعث دنیا بھر میں صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تعطل سے 74 ممالک کے صارفین، کاروباری ادارے اور سرکاری محکمے متاثر ہوئے ہیں۔
ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق گزشتہ روز سے اب تک آؤٹ لک ای میل سروس میں خرابی کی شکایات کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ متعدد خطوں میں سرورز اچانک دستیاب نہ ہونے کے باعث دیگر سرورز پر کام کا دباؤ بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں خدمات متاثر ہوئیں۔
کمپنی کے مطابق خدمات کی بحالی کے لیے جاری کوششوں میں پیشرفت ہوئی ہے، تاہم اب تک کیے گئے اقدامات سے مکمل اور مستقل بحالی ممکن نہیں ہوسکی۔
مائیکروسافٹ نے مزید کہا کہ بظاہر یہ تعطل کسی ہیکنگ حملے کا نتیجہ نہیں، کیونکہ اب تک کسی مشتبہ سرگرمی کا سراغ نہیں ملا۔
تعطل کے باعث آؤٹ لک ڈاٹ کام، ون ڈرائیو، ون نوٹ، مائیکروسافٹ ٹو ڈو، ٹیمز اور مائیکروسافٹ 365 سمیت کمپنی کی متعدد خدمات متاثر ہوئی ہیں۔
یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اینوڈیا سے متعلق بحران پہلے ہی دنیا بھر کی حصص مارکیٹوں میں ہلچل پیدا کرچکا ہے، جبکہ مائیکروسافٹ کی خدمات میں تعطل نے مالیاتی منڈیوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کردی ہیں۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ کی خدمات میں تعطل کے اثرات دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں تک بھی پہنچ رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت