جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ، 31 دسمبر تک تمام کاروبار ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کا ہدف

قومی خبریں
اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ، 31 دسمبر تک تمام کاروبار ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کا ہدف

وفاقی حکومت نے اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت سرکاری محکموں اور کاروباری مراکز میں نقد ادائیگیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اس منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین سی ڈی اے، بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بینکوں کے نمائندوں نے منصوبے کی کامیابی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر کیش لیس اسلام آباد منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگی قبول نہیں کی جائے گی، جبکہ 31 دسمبر تک شہر کے تمام کاروباری مراکز کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیش لیس نظام سے مالیاتی شفافیت، ٹیکس نگرانی اور لین دین کے طریقہ کار میں بہتری آئے گی۔ اسلام آباد میں پہلے ہی 26 ہزار کاروباری مراکز ڈیجیٹل ادائیگیوں سے منسلک ہیں، جبکہ ریڑھی بانوں سے بڑے تجارتی مراکز تک یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت