جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان کے 53 فیصد سرکاری اسکول بنیادی سہولیات سے محروم، نئی رپورٹ جاری

قومی خبریں
پاکستان کے 53 فیصد سرکاری اسکول بنیادی سہولیات سے محروم، نئی رپورٹ جاری

لاہور: پاکستان بھر کے سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے جس کی وجہ سے تعلیمی نظام کے کمزور پہلو کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک کے 53 فیصد سرکاری تعلیمی ادارے پانچ بنیادی ضروری سہولیات سے محروم ہیں۔

تعلیمی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو بلوچستان اس معاملے میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ نظر آتا ہے جہاں کے 79 فیصد اسکول بجلی اور 71 فیصد اسکول پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی نعمتوں سے تاحال محروم ہیں۔ یہاں کے تعلیمی انفراسٹرکچر کی حالت انتہائی ابتر ہے۔

سندھ کے سرکاری اسکولوں کی کارکردگی بھی مایوس کن ہے جہاں صرف 8 فیصد اسکولوں میں پانچ بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ صوبے کے 73 فیصد اسکول ان سہولیات کے فقدان کا شکار ہیں جبکہ 45 فیصد پرائمری اسکولوں کو صرف ایک استاد کے سہارے چلایا جا رہا ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی صورتحال اطمینان بخش نہیں جہاں 36 فیصد اسکول بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ صوبے کے تقریباً 37 ہزار کلاس رومز ایسے ہیں جنہیں فوری طور پر تعمیر نو یا بڑی مرمت کی ضرورت ہے تاکہ بچوں کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے، بصورت دیگر یہ خطرے کا باعث ہیں۔

پنجاب کی تعلیمی صورتحال دیگر صوبوں کے مقابلے میں کسی حد تک بہتر ہے جہاں بنیادی سہولیات کی دستیابی کی شرح 74 فیصد ہے، تاہم لاہور اور بھکر سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں صفائی ستھرائی اور بیت الخلا کے مسائل بدستور برقرار ہیں جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ملک بھر کے کسی بھی سرکاری اسکول میں طلبا کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر نہیں ہے۔ بلوچستان کے 41 فیصد پرائمری اسکول صرف ایک استاد پر چل رہے ہیں۔ بجلی، پینے کا صاف پانی، بیت الخلا، چار دیواری اور محفوظ عمارت کا فقدان ملکی تعلیمی معیار کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔

حکومت اور متعلقہ اداروں کو ان اعداد و شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔ اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے بغیر معیاری تعلیم کا خواب پورا کرنا ممکن نہیں۔ تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے اس بحران پر قابو پانا اب وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت